چیف ایگزیکٹو لیسکو کا ناردرن سرکل کے علاقوں کا دورہ، مینٹیننس پروگرام کا جائزہ لیا

جمعرات 17 اکتوبر 2019 18:35

لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ نے ناردرن سرکل کے علاقوں کا دورہ کیا اور مینٹیننس پروگرام کا جائزہ لیا،لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے زیرانتظام آٹھوں سرکلز میں بجلی کے ترسیلی نظام کی حفاظت کے لئے سالانہ ترقیاتی اور مرمتی کاموں کے سلسلہ میں تما م سرکلز میں سالانہ مینٹیننس پروگرام کا آغاز کیاگیا ہے جس دوران کھمبوں اور لائینوں کے قریب لگے ہوئے د رختوں کی شاخوں کی کٹائی سمیت سسٹم کی صفائی اور مرمت کے کام سرانجام دیئے جارہے ہیں۔

اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے لیسکو کے نادرن سرکل کا اچانک دورہ کیا اور مینٹیننس پروگرام کا جائزہ لیا۔ چیف ایگزیکٹو نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مینٹیننس پروگرام کو بھرپور طریقے سے مکمل کیا جائے تاکہ سموگ اور دھند کے دوران بجلی کی ترسیل کو یقینی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف انجینئر ٹی اینڈ جی احمد فراز ، ایس ای نادرن عترت حسین اور ایکسئین گلشن راوی کامران نوید بھی چیف لیسکو کے ہمراہ تھے ۔

چیف ایگزیکٹو نے اس موقع پر اسٹاف کو بھی ہدایات جاری کیں کہ مرمتی کاموں کے دوران سیفٹی کے اصولوں کو ملحوظ خاطر رکھیں اورخاص طور پر اس بات کا خیال رکھیں کہ لائنوں کے نزدیک درختوں کی صرف ضروری حد تک چھٹائی کی جائے اور کوشش کریں کہ درختوں کو غیر ضروری نقصان نہ پہنچے۔لیسکو کے زیرِ انتظام تمام سرکلز میں سسٹم کو مستحکم رکھنے کے لئے ترقیاتی اور مرمتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو روزانہ مختلف سرکلز کے علاقوں کا اچانک دورہ کر کے مرمتی کاموں کا خود جائزہ لیتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں