صحافی کالونی اور لاہور پریس کلب کے معاملات سے متعلق جائزہ اجلاس

جمعرات 17 اکتوبر 2019 18:37

لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) وزیر قانون پنجاب محمد بشارت راجہ کی زیرصدارت صحافی کالونی اور لاہور پریس کلب کے معاملات کے سلسلے میں ایک جائزہ اجلاس ہوا،جس میں سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب راجہ محمد جہانگیر کے علاوہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،ڈی آئی جی پولیس لاہور،قائم مقام ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی ایل ڈی اے ، ایم ڈی واسا، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ واسا اور لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور سینئر نائب صدر ذوالفقار علی مہتو نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران بتایاگیا کہ صحافی کالوفی کے ایف بلاک کے ترقیاتی کاموں کیلئے ایل ڈی اے کی طرف سے پی سی ون کی تیاری آخری مراحل میں پہنچ گئی ہے اور اس کی گرائونڈ بریکنگ وزیراعلیٰ عثمان بزدار آئندہ چند روز میںکریں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ صحافی کالونی فیزIIکے قیام کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر لاہور فوری طور پر شہر کے اردگرد ایک ہزار کنال اراضی کی نشاندہی کریں گے جس کیلئے سیکرٹری اطلاعات و ثقافت کی طرف سے ان کو خط لکھ دیاگیاہے۔

اجلاس میں بتایاگیاکہ پنجاب جرنلسٹ ہائوسنگ فائونڈیشن کے نئے بورڈ آف ڈائریکٹر کی تشکیل مکمل کر لی گئی ہے اور موجودہ صحافی کالونی بی اور دیگر بلاکس کے متاثرین کو متبادل پلاٹس دینے یا خالی پلاٹوں پر ان کو قبضہ دلوانے کیلئے لائحہ عمل کی منظوری بورڈ کے اگلے اجلاس کے ایجنڈے میںشامل کر لی گئی ہے۔اجلاس میں ڈی جی ایل ڈی اے کو ہدایت کی گئی کہ وہ صحافی کالونی میں بجلی کے نظام کو فوری طورلیسکو کے سپرد کرنے کیلئے وہاں پر بجلی کے ترقیاتی کاموں کی تکمیل کا سر ٹیفکیٹ جاری کریں جبکہ ایم ڈی واسا کو بھی کہاگیاکہ صحافی کالونی میں سیوریج اور واٹر سپلائی کا نظام ٹیک اوور کرنے کیلئے وہ قابل عمل حل تلاش کریں۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ لاہور پریس کلب کے ارکان کو ہیلتھ کارڈز کے اجراء کیلئے صوبائی سیکرٹری محکمہ صحت فوری طور پر سمری تیارکرکے وزیراعلیٰ پنجاب کو بھیجیں گے جن کی منظوری کے بعد صحافیوں کو یہ کارڈ جاری کر دیاجائے گا جو پورے پنجاب کے ہسپتالوں میں قابل استعمال ہوگا۔اجلاس میں ڈی آئی جی پولیس کو ہدایت کی گئی کہ وہ صحافی کالونی کی زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیں۔

اجلاس میں وزیر قانون نے بورڈ آف ریونیو اور پنجاب جرنلسٹ ہائوسنگ فائونڈیشن کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ صحافی کالونی کی زمین کے پی جے ایچ ایف کے حق میں دوبارہ انتقال کیلئے چیف سیٹلمنٹ کمشنر کی عدالت میں زیرسماعت کیس کی پوری محنت اور پروفیشنل انداز میں پیروی کریں۔اجلاس میں بتایاگیاکہ لاہور پریس کلب کی گرانٹ 50لاکھ سے بڑھاکر 2کروڑ روپے کرنے کی منظوری دی جاچکی ہے جبکہ اس میں سے پہلی قسط اگلے چند روز میں جاری کر دی جائے گی جبکہ صحافی کالونی کے رہائشیوں کو ماہانہ سبسکرپشن فیس کی مد میںبقایاجات کی معافی کا نوٹیفکیشن بھی آئندہ چند روز میں جاری ہوجائے گا۔

اجلاس میں کہاگیاکہ صحافی کالونی میں 20بستروں کے ہسپتال اور سکول کے قیام کے سلسلے میں نجی شعبے کی مختلف اور محکمہ ہیلتھ سے بات چیت کی جا رہی ہے اور اس کی منظوری بھی بورڈ آف ڈائریکٹر کے اگلے اجلاس کے ایجنڈے پر ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں