سوشل میڈیا پر گستاخانہ خاکے اپ لوڈ کرنے پر بہاولنگر کے شہری کو پانچ سال قید، بیس ہزار روپے جرمانہ

جمعرات 17 اکتوبر 2019 18:37

سوشل میڈیا پر گستاخانہ خاکے اپ لوڈ کرنے پر بہاولنگر کے شہری کو پانچ سال قید، بیس ہزار روپے جرمانہ
لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) لاہور کی سائبر کرائم کورٹ نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ خاکوں کو اپ لوڈ کرنے کے جرم میں بہاولنگر کے شہری کو پانچ سال قید اور بیس ہزار روپے جرمانے کی سز ا کا حکم دے دیا۔ ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل لاہور نے سکنہ 16 مراد والا تحصیل چشتیاں ضلع بہاولنگر کے رہائشی ملزم ساجد علی ولد اصغر علی کو فیس بک پر حضرت عمر رضی اللہ عنہی کی شان میں گستاخانہ اور توہین آمیز پوسٹ کرنے کے الزام میں گرفتار کرکے دفعہ 298 اے کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

عدالت کے روبرو ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے ملزم ساجد علی کے خلاف بطور ثبوت اپنی تکنیکی تجزیہ رپورٹ بھی پیش کی جبکہ ملزم کے خلاف بارہ گواہوں کو بھی پیش کیا گیا ۔ملزم کے خلاف 24 اکتوبر 2017 ء کو عدالتی کارروئی شروع ہوئی ۔

(جاری ہے)

ملزم کے وکیل صفائی اور استغاثہ کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے جرم ثابت ہونے پر الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے ایکٹ 2016 کے 11 اور 298 ای( پی پی سی) کے تحت ملزم ساجد علی کو پانچ سال قید اور بیس ہزار روپے جرمانے کی سزا سُنائی۔

واضح رہے کہ الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے ایکٹ 2016 کے نئے قانون کے تحت گستانہ خاکوں کے حوالے سے پاکستان میں پہلی بار سائبر کرائم کورٹ نے کسی ملزم کو قید و جرمانے کی سزا دی ہے۔ عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ سائبر جرائم کے نئے قوانین کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کرنے کے لئے حکومت کی طرف سے آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ اس کا احترام کریں اور ان قوانین کی خلاف ورزی سے باز رہیں کیونکہ یہ معاشرے کے لئے نئے قوانین ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں