لاہور،لوئر مال انویسٹی گیشن پولیس کی کارروائی، دوہرے قتل کی سنگین واردات میں ملوث 2 خطرناک اشتہاری شوٹرز گرفتار

بدنام زمانہ مبین بٹ کے شوٹرز نے چند ماہ قبل مقتولین زکریا محمود اورڈرائیور قیصر خلیل پر اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا

جمعرات 17 اکتوبر 2019 21:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اکتوبر2019ء) لوئر مال انویسٹی گیشن پولیس نے دوہرے قتل کی سنگین واردات میں ملوث بدنام زمانہ مبین بٹ کے انتہائی خطرناک 2 اشتہاری شوٹرز کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعام وحید کی واضح ہدایات کے تحت انویسٹی گیشن ونگ کی سپیشل ٹیمیں جرائم پیشہ افراد کو گرفتارکر کے انہیں قرار واقعی سزائیں دلوانے کے لیے دن رات سر گرم عمل ہیں۔

انچارج انویسٹی گیشن لوئر مال فرقان محمود نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سمیت بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دوہرے قتل کی سنگین واردات میں ملوث بدنام زمانہ مبین بٹ کے انتہائی خطرناک شوٹرز صابر علی اور عدنان خان کو گرفتار کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان نے سیشن کورٹ سے واپس آتے ہوئے چوک آرا حسن شاہ میں مقتولین زکریا محمود اورڈرائیور قیصر خلیل پر اندھا دھند فائرنگ کر دی تھی جس سے وہ جاں بحق ہو گئے تھے۔

دوہرے قتل کی واردات کے مرکزی کردار محمود عرف مودا نے سنگین واردات سرانجام دینے کے لیے شوٹرز کے ساتھ 10لاکھ روپے میں ڈیل کی تھی۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان کے دیگر7 ساتھی اسی مقدمہ میں پہلے ہی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔ ایس پی سٹی انویسٹی گیشن منصور قمرنے دوہرے قتل کی سنگین واردات میں ملوث خطرناک اجرتی قاتلوں کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کیلئے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں