مریدکے لاہور کی طرف آنے والے اہم داخلی شاہراہ کے دونوں اطراف میں واقع ہے‘کمشنرلاہورڈویژن

مریدکے ہائی وے کے دونوں اطراف میں عارضی تجاوزات و مستقل کو ختم کرکے سروس لینز کو کلیئر اور ڈرین کی مکمل صفائی کرائی جائے،آصف بلال

جمعرات 17 اکتوبر 2019 23:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) کمشنر لاہور ڈویژن محمد آصف بلال لودھی نے کہا ہے کہ عارضی انتظام کے طور پر سپیڈو بس روٹ کی 15 کلومیٹر توسیع کر کے مریدکے کو شامل کرنے کیلئے وزیر اعلی پنجاب کو سمری ارسال کی جائیگی، ایل ٹی سی کی نئی بسوں کا فلیٹ متوقع اپریل 2020 میں آنے کے بعد یہ روٹ ایل ٹی سی کے پینل پر مستقل طور پر آ جائیگا،انہوں نے ڈی سی شیخوپورہ کوخصوصی طور پر ہدایت کی کہ گھروں کے نقشوں کی منظوری میں درخت لگانے کو ضروری شرط کے طور پر شامل کریں اور ایسا کرنے کیلئے باقی اضلاع کو بھی ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔

کمشنر لاہور ڈویژن محمد آصف بلال لودھی نے ان خیالات کا ظہار مریدکے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایم پی اے خرم چٹھہ، ڈی سی شیخوپورہ، اے سی جنرل محمد جعفر، اے ڈی ڈویلپمنٹ محمد امجد سمیت این ایچ اے، ایل ڈی اے، محکمہ بلڈنگ، پی ایچ اے کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمشنر لاہور ڈویژن نے کہا کہ مریدکے لاہور کی طرف آنے والے اہم داخلی شاہراہ کے دونوں اطراف میں واقع ہے۔

جہاں درختوں کی نہایت کمی سے غیر صحتمندانہ ماحول کا منظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریدکے ہائی وے کے دونوں اطراف میں عارضی تجاوزات و مستقل کو ختم کرکے سروس لینز کو کلیئر اور ڈرین کی مکمل صفائی کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ این ایچ اے ڈرین اور سروس لینز کیساتھ ٹف ٹائل لگائے گی۔انہوں نے کہا کہ پونے دو لاکھ آبادی کے حامل تحصیل شہر مریدکے نمو پاتا شہر ہے اس لئے زمینی حقائق پر مشتمل قوانین پر عملدارآمد سے مستقبل میں پیش آنے والے مسائل کو آج ہی ختم کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں