(ن) لیگ27اکتوبر کو بھارت کیخلاف یوم سیاہ اور کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منائیگی

حکمرانوں کی ناکام سفارتکاری کیوجہ سے بھارت کو کشمیر میں آرٹیکل370ختم کرنیکا موقع پر ملا‘پرویز ملک پارٹی قائد کی جانب سے اعلان کے بعد آزادی مارچ میں شرکت کیلئے کسی قسم کا ابہام باقی نہیں رہ گیا‘لیگی رہنماء

جمعرات 17 اکتوبر 2019 23:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن نے 27اکتوبر کو بھارتی بربریت کے خلاف اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منانے کا اعلان کردیا ، اس روز صبح11بجے الحمراہ ہال ما ل روڈ سے پنجاب اسمبلی ہال چوک تک کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی جائے گی۔ جس سے پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی قائدین خطاب کریں گے،اس کا فیصلہ پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے عیدیداروں کے اہم اجلاس میں کیا گیا ۔

اجلاس ن لیگ لاہور کے صدر محمد پرویز ملک کی صدارت میں نصیر آباد مرکزی دفتر میں ہوا جس میں ارکان اسمبلی و پارٹی عہدیداران غزالی سلیم بٹ، سید توصیف شاہ، رمضان صدیق بھٹی، کرن ڈار، ماجد ظہور،میاں طارق، نزیر خان سواتی، چوہدری عبدلمجید چن نمبردار، جاوید اقبال، اعجازحفیظ،یسٰین سوہل، میاں محمودحاجی امداد بلال بٹ، بی بی وڈیری، راجہ سہزاد، صلاح الدین پپی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک، و جنرل سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر، علی پرویز ملک اور ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن پارٹی قائد میاں نواز شریف کی ہدایت 27اکتوبر کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے بطور یوم سیا منائے گی ،اور ن لیگ کشمیریوں کی اخلاقی سفارتی ہر قسم کی حمایت جاری رکھے گی، انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے کشمیر کاز کے لئے بہت کام کیا اور اس مسئلہ کو پوری دنیا میں اجاگر کیا، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی ناکام سفارتکاری کی وجہ سے بھارت کو کشمیر میں آرٹیکل370ختم کرنے کا موقع ملا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی قائد میاں نواز شریف کی جانب سے آزادی مارچ میں شرکت کے اعلان کے بعد اب کسی قسم کا ابہام باقی نہیں رہ گیا ن لیگ آزادی مارچ میں بھر پور شرکت کرے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں