قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا تیسرا راؤنڈ مکمل ، محمد ابراہیم کی ناقابل شکست سنچری سدرن پنجاب کے قمر ریاض کی عمدہ بیٹنگ

جمعرات 17 اکتوبر 2019 22:45

لاہور۔17 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں بلوچستان کے مڈل آرڈر بیٹسمین محمد ابراہیم کی ناقابل شکست سنچری نے ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکال لیا۔ 20 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم میچ کے آخری روز 166 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔بلوچستان کے 8 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے جبکہ محمد ابراہیم نے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

سنٹرل پنجاب کو جیت کے لیے 13 اوورز میں 147 رنز کا ہدف ملا۔ میچ کیلیے مقررہ وقت ختم ہونے تک سنٹرل پنجاب کی ٹیم 3 وکٹوں کے نقصان پر 83 رنز ہی بناسکی۔ اس سے قبل بلوچستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 358رنز بناسکی تھی۔ جواب میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے مقررہ 83 اوورز میں 378 رنز بنائے تھے۔

(جاری ہے)

کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں سدرن پنجاب کے بلے باز قمر ریاض کے بھرپور دفاعی انداز نے ٹیم کو یقینی شکست سے بچالیا۔

قمر ریاض نیدوسری اننگز میں 49 گیندوں پر 10 رنز اسکور کرکے میچ بے نتیجہ ختم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس سے قبل 3 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی خیبرپختونخوا کی پوری ٹیم 188 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔سدرن پنجا ب کے اسپنر حارث جاوید نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 192 رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کے 6 کھلاڑی محض 99 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ جس کے بعد قمر ریاض نے محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا۔ سدرن پنجاب کی ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر125 رنز بنائے تھے کہ کھیل کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں