حکومت پنجاب ورکنگ وویمن کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے ‘آشفہ ریاض فتیانہ

ورکنگ وویمن ہاسٹل اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ،پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے ورکنگ خواتین کے لیے ہاسٹلز بنائے جائینگے

جمعہ 18 اکتوبر 2019 13:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) صوبائی وزیر وویمن ڈویلپمنٹ پنجاب آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا کہ حکومت پنجاب ورکنگ وویمن کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے جس کے لیے ورکنگ وویمن ہاسٹل اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے ورکنگ خواتین کے لیے ہاسٹلز بنائے جائیں گے تاکہ ملازمت پیشہ خواتین کو بہترین رہائشی سہولیات میسر آ سکیں۔

جن اداروں میں خواتین ملازمت کر رہی ہیں وہاں ڈے کیئر سنٹرز بنائے جا رہے ہیں جس سے خواتین کو اپنے بچوں کی نگہداشت کے حوالے سے پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر نے اپنے دفتر میں ورکنگ وویمن ہاسٹل وہاڑی میں پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر، ڈی ڈی پی آر میاں نعیم عاصم، منیجر ورکنگ وویمن ہاسٹل سعدیہ اسلم، صائمہ نورین،احمد نوید، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی ڈاکٹر محمد فاضل، صائمہ نورین، صبوحی حسن، رانا شعیب بھی موجود تھے۔

آشفہ ریاض فتیانہ نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کی ترقی اور ان کے حقوق کے لیے جامع منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہی ہے تاکہ ہم اپنی خواتین کو معاشرے میں تحفظ اور اعلیٰ مقام دلا سکیں۔ ہمیں اپنی خواتین کو ہمت اور حوصلہ دینا ہے تاکہ معاشرے میں اپنا بہترین کردار ادا کریں اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ورکنگ وویمن ہاسٹل اتھارٹی کے ذریعے پرائیویٹ گرلز ہاسٹلز کو بھی رجسٹرڈ کیا جائے گا اور ان کے تمام انتظامات اور طریقہ کار کی مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ پرائیویٹ ہاسٹلز بھی بہتر انداز میں سہولیات فراہم کریں اور ہر سال ان ہاسٹلز کی رنیول ہو گی اور حکومت پنجاب پرائیویٹ ہاسٹلز کے لیے بھی سٹینڈرڈز بنائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ورکنگ وویمن ہاسٹلز اتھارٹی کے قیام سے خواتین کے لیے ملازمت کے مواقع پیدا ہوں گے اور خواتین کو با عزت طریقہ سے روزگار ملے گا۔ آشفہ ریاض فتیانہ نے مزید کہا کہ ملازمت پیشہ خواتین کے لیے ڈے کیئر سنٹر کے پروجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے اور ایسے تمام ادارے جہاں 30خواتین ملازمت کرتی ہیں ان کے بچوں کے لیے ڈے کیئر سنٹر بنائے جا رہے ہیں تاکہ خواتین اپنی ملازمت کے اوقات کے دوران پریشانی کا شکار نہ ہوں اور ان کے بچوں کی دیکھ بھال بھی اچھے طریقے سے کی جا سکے۔

ڈے کیئر سنٹر اتھارٹی بنانے کے حوالے سے بھی کام جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پرائیویٹ سیکٹر کی بھی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی کہ وہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں جس سے معاشی سرگرمیاں تیز ہو ں گی اور ہمارا ملک ترقی کی طرف گامز ن ہو گا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے ورکنگ وویمن ہاسٹل کے مختلف معاملات کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر منیجر ورکنگ وویمن ہاسٹل سعدیہ اسلم نے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔

صوبائی وزیر وویمن ڈویلپمنٹ پنجاب محترمہ آشفہ ریاض فتیانہ نے ورکنگ وویمن ہاسٹل کے لیے تجویز کی گئی جگہ بارے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد وہاڑی میں پبلک پرائیویٹ اشتراک سے ورکنگ وویمن ہاسٹل پر کام شروع کیا جائے گا۔ اجلاس میں پولیس اسٹیشن دانیوال میں مرکز انسداد تشدد برائے خواتین (VAWC) کا اور اس کے مختلف شعبوں بارے تفصیلی جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کے معاشرتی مسائل کو حل کرنے اور انہیں بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ہمارے معاشرے میں خواتین کے حوالے سے چھوٹی چھوٹی باتوں سے بڑے بڑے مسائل کھڑے کر دئیے جاتے ہیں۔ مرکز انسداد تشدد برائے خواتین کا قیام ایک انتہائی احسن اقدام ہے جس سے خواتین کے مسائل فوری حل ہوں گے۔

صوبائی وزیر وویمن ڈویلپمنٹ پنجاب آشفہ ریاض فتیانہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی میں غریب خواتین کو فری طبی سہولیات کی فراہمی بارے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ایمرجنسی اور سرجیکل وارڈ میں غریب مریض خواتین کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی جائزہ رپورٹ بھی دیکھی۔ متعلقہ افسران نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ انہیں ادویات اور دیگر سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔

صوبائی وزیرنے بریسٹ کلینک کے قیام کو خواتین کے حوالے سے ایک بہترین اقدام قرار دیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ بریسٹ کلینک میں 6ماہ کے دوران 139خواتین کا علاج معالجہ کا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے مزیدکہا کہ حکومت پنجاب معاملات کو بہتری کی طرف لے جا رہی ہے۔ حکومت کو بہت سے مسائل ورثے میں ملے جن کو تیزی سے حل کیا جارہا ہے جس سے عوام کو ریلیف ملنا شروع ہو گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں