انسدادبدعنوانی کے حوالے سے معاشرے میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے‘محمد جاوید

موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کی طرز حکومت میں کسی قسم کا کوئی فرق نہیں‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی

جمعہ 18 اکتوبر 2019 18:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہاہے کہ انسدادبدعنوانی کے حوالے سے معاشرے میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔کرپشن نے ملک وقوم کوتباہی کے کنارے پہنچادیا ہے۔عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی رینکنگ میں معمولی بہتری کے باوجود ملک میں12ارب روپے کی روزانہ کی بنیاد پر کرپشن ہورہی ہے جس نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں کی بدولت کرپشن نے ملکی جڑوں کوکھوکھلا کرکے رکھ دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور اور ننکانہ میں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن ایک ناسور بن کر رہ گئی ہے۔انسدادبدعنوانی کے حوالے سے ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

رہی سہی کسر وفاقی وصوبائی وزرا کی فوج ظفر موج نے پوری کردی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اہم قومی اداروں کے اہم عہدوں پر دوستو ں یاروں کو نوازا گیا ہے ۔ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کی طرز حکومت میں کسی قسم کا کوئی فرق نہیں ۔بلکہ تحریک انصاف کی حکومت ماضی کے حکمرانوں کو بھی پیچھے چھوڑ گئی ہے ۔حکمرانوں کے غلط فیصلوں کاخمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کمیشن مافیانے تمام چھوٹے بڑے پروجیکٹس پر حصے مقررکررکھے ہیں اوپر سے لے کر نیچے تک کرپٹ عناصر پوری طرح سرگرم ہیں۔

ملک میں لاقانونیت کی انتہاہوچکی ہے۔منافع بخش ادارے اقربا پروری اور نااہل افراد کی تعیناتیوں کی وجہ سے خسارے میں جاچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک وقوم کا سب سے بڑامسئلہ کرپشن اور محب وطن قیادت کا فقدان ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما محمد جاوید قصوری نے مزیدکہاکہ ملک وقوم کو بے داغ قیادت صرف جماعت اسلامی فراہم کرسکتی ہے۔مختلف ادوار میں ہمارے نمائندے اسمبلیوں اور سینٹ میں کام کرتے رہے ہیں الحمد للہ کسی ایک پر بھی کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام نہیں۔عالمی ادارے بھی جماعت اسلامی کے ارکان پارلیمان کی کارکردگی کو سراہتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں