ممتاز روحانی سکالر پروفیسر احمد رفیق اختر کی لاہور پولیس کے افسران اور جوانوں کے ساتھ خصوصی نشست

اخلاقیات کے موضوع پر لیکچر، سی سی پی او لاہور سمیت لاہور پولیس کے تمام افسران اور جوانوں کی شرکت

جمعہ 18 اکتوبر 2019 23:54

لاہور۔18 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) ممتاز روحانی سکالر پروفیسر احمد رفیق اختر نے کہا ہے کہ معاشرے کے سدھار اور اسے اعتدال میں رکھ کر تصادم سے بچانے میں پولیس کا کلیدی کردار ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پولیس افسران اور اہلکار کسی دبائو میں آئے بغیر اختیارات کو خلق خدا کی خدمت اور انصاف کی فراہمی کے لئے استعمال کریں۔

انہوں نے یہ بات آج ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں لاہور پولیس کے افسران اور جوانوں کے ساتھ اخلاقیات کے موضوع پر لیکچر کے دوران کہی۔ سی سی پی او لاہور بی اے ناصر، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹرانعام وحید، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر، ایس پیز آپریشنز و انویسٹی گیشن، ایس پیز، سرکل افسران، ایس ایچ اوز، انویسٹی گیشن انچارجز سمیت لاہور پولیس کے تمام ونگز کے جوانوں نے نشست میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے خیر مقدمی خطاب میں عصر حاضر کے مایہ ناز روحانی سکالر احمد رفیق اختر کی صوفی ازم اور روحانیت کے حوالے سے بلند پایاں خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ بی اے ناصر نے کہاکہ امن و امان کے قیام، دہشت گردی کے خاتمے اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لئے لاہور پولیس کے افسران اور جوانوں نے ہمیشہ قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

لوگوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کے لئے خطرات کا سامنا کرنے والی پولیس فورس عوامی پذیرائی کی حقیقی حقدار ہے۔ اخلاقیات کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالتے ہوئے پروفیسر احمد رفیق اختر نے کہا کہ عوامی خدمت کے دوران شائستہ اخلاق سے ہی لاہور پولیس معاشرے میں تشخص مثبت بنا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی طرف سے پولیس افسران کو بطور محافظ انصاف کی فراہمی کی ذمہ داری دینا خاص عطا ہے۔

ہمیں رزق حلال میں رہتے ہوئے امن اور محبت کے رویوں کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران بلند اخلاقی اپنا کر اختیارات خدمت اور معاشرتی سدھار کیلئے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو تصادم سے بچانے اور اعتدال پر رکھنے میں پولیس کا کلیدی کردار ہے۔ پروفیسر احمد رفیق اختر نے پولیس افسران سے مخاطب ہوکر کہا کہ اللہ تعالی نے آپ کو مصیبت ذدہ لوگوں کو انصاف کی فراہمی کی اہم ذمہ داری سونپی ہے۔

مصیبت ذدہ لوگوں کو انصاف کی فراہمی اور دلجوئی سے بڑھ کر کوئی نیکی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف بہترین طرز عمل اور اخلاص کے ذریعے لوگوں کے دل میں جگہ بنائی جا سکتی ہے۔ پروفیسر احمد رفیق اختر نے کہا کہ پولیس افسران اپنے اندر خود احتسابی کا جذبہ پیدا کریں۔ نشست کے اختتام پر سوال و جواب کا سلسلہ بھی ہوا جس میں روحانی سکالر نے پولیس افسران اور جوانوں کے سوالات کے جوابات دیے۔ سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے پروفیسراحمد رفیق اختر کو لاہور پولیس کی جانب سے خصوصی شیلڈ پیش کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں