شہباز شریف کا چھ ماہ میں معیشت کو ترقی دینے کا دعویٰ مضحکہ خیز ،عوام انکی ’’تجربہ کاری‘‘ سے پناہ مانگتے ہیں: ہمایوں اختر

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے شہباز شریف کی جانب سے آئندہ حکومت ملنے کی صورت میں چھ ماہ میںمعیشت کو ترقی دینے کے دعوے کو مضحکہ خیزقراردیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اب آپ کی ’’تجربہ کاری ‘‘ سے پناہ مانگتے ہیں ،ضمنی انتخاب کے نتائج نئے انتخابات کامطالبہ کرنے والوں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہیں ،گھات لگا کر ملکی ترقی پر حملہ آور ہونے کی کوشش کرنے والے ناکام اور نا مراد رہیں گے،مولانافضل الرحما ن کی ذاتی مفادات پر مبنی بھاری بھرکم سیاست ساری اپوزیشن کولے ڈوبے گی ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی رہنمائوں اور ایک تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ہمایوں اختر خان نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کئی دہائیوں سے ملک کا خون چوسنے والے مافیاز کے خلاف نبرد آزما ہے ۔ عوام شہباز شریف سے سوال کرتے ہیں کہ ملک میں گزشتہ پانچ سال کس کی حکومت تھی کہ دوبارہ حکومت ملنے صورت میں چھ ماہ میں معیشت کو پائوں پر کھڑا کرنے کے دعوے کئے جارہے ہیں۔

ان کی ’’تجربہ کاری ‘‘ صرف اپنے کاروبار کیلئے ہوتی ہے جس سے ان کا کاروبار دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرتا ہے جبکہ قومی ادارے اربوں روپے خسارے میں چلے جاتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے آزادی مارچ کے ذریعے اپنی اپنی سیاست کو بچانے کی آس لگا رکھی ہے لیکن اس سے ان کی رہی سہی سیاست بھی ہمیشہ کیلئے نیست و نابود ہو جائے گی ۔ موجودہ حالات پاکستان سیاسی انتشارکا متحمل نہیں ہو سکتااس لئے ایسی سر گرمیوں سے گریز کیا جائے ۔

لاڑکانہ میں ہونے والے ضمنی انتخاب سے اپوزیشن کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں او رانہیں اس سے سبق حاصل کرنا چاہیے ۔ اپوزیشن نئے انتخابات کا مطالبہ کرنے کی بجائے قوم سے معافی مانگے اورلوٹی ہوئی دولت قومی خزانے میں واپس جمع کراکے نئے سرے سے اپنی سیاست کا آغاز کرے شاید انہیں عوام معاف کر دیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں