گرینڈ ہیلتھ الائنس کی کال پر ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف سرکاری ہسپتالوں کے آئوٹ ڈور سمیت دیگر شعبوں میں ہڑتال جاری

غریب مریضوں کی مشکلات کم نہ ہو سکیں ،نجی ہسپتالوں کی چاندی،محکمہ صحت کی سینئرز ڈاکٹرز کے ذریعے علاج معالجے کی سہولیات کیلئے کاوشیں

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 22:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2019ء) گرینڈ ہیلتھ الائنس کی کال پر ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف سرکاری ہسپتالوں کے آئوٹ ڈور سمیت دیگر شعبوں میں مسلسل دسویں روز بھی ہڑتال جاری رہی جس کی وجہ سے غریب مریضوں کی مشکلات کم نہ ہو سکیں ، ڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ سے معمول کے آپریشنز بھی ملتوی کر دئیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق گرینڈ ہیلتھ الائنس کی کال پر ڈاکٹرز ، نرسز اور پیرا میڈیکس نے سرکاری ہسپتالوں کے آئوٹ ڈورسمیت مختلف شعبوں میں ہڑتال کی اور اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا ۔

(جاری ہے)

ہڑتال کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اوراکثریت مایوس ہو کر گھروں کو واپس لوٹ گئے ۔ دوسری جانب سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال کی وجہ سے نجی ہسپتالوں کی چاندی ہو گئی ہے ۔محکمہ صحت کی جانب سے سینئرز ڈاکٹرز کے ذریعے علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کی کاوشیں جاری ہیں تاہم مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے ۔گرینڈ ہیلتھ الائنس نے حکومتی رویے کے خلاف او راپنے مطالبات کے حق میں کل ( پیر) کے روز پنجاب اسمبلی تک مار چ کرنے کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں