مہنگائی اوربے روزگاری سمیت دیگر مسائل کے بیج نا عاقبت اندیشی سے بوئے گئے،حکومت ان کو جڑوں سے اکھاڑرہی ہے،راجہ راشد حفیظ

اتوار 20 اکتوبر 2019 14:40

لاہور۔20 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2019ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم اور انسداد ڈینگی مہم کے فوکل پرسن راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ موجودہ مہنگائی ،بے روزگاری اور دیگر معاشرتی مسائل یک دم نہیں پیدا ہوئے بلکہ ان کے بیج ماضی میں بڑی بے فکری اور ناعاقبت اندیشی سے بوئے گئے تھے۔ قوم آج ان کی فصل کا ٹ رہی ہے اور تحریک انصاف کی حکومت ان کو جڑوں سے اکھاڑرہی ہے۔

سات عشروں سے راسخ ہو چکے استحصالی نظام کو جڑوں سے اکھاڑنا اتنا آسان نہیں بلکہ اس کیلئے کچھ تکالیف ہم سب کو بحیثیت قوم برداشت کرنا ہونگی تب ہمیں خوشحالی اور ترقی نصیب ہوگی۔ کرپشن زدہ استحصالی نظام اپنی گرتی ہوئی دیواروں کو دیکھ کر مزاحمت کر رہا ہے مگر ہم ریاست مدینہ کے جس سفر پر رواں دواں ہیں، وہ اس مزاحمت کو خاطر میں لائے بغیر جاری رہے گا اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ہم قوم کے سامنے اپنے وعدوں اور دعوئوں میںپوری طرح سرخرو ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات تحریک انصاف کے پبلک سیکریٹریٹ سید پور روڈ راولپنڈی میں منعقدہ ایک کھلی کچہری میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر نے کھلی کچہری کے دوران لوگوں کے ذاتی و اجتماعی مسائل سنے اور موقع پر ہی متعلقہ حکام سے رابطے کرکے ان مسائل کو حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ کھلی کچہری میں لوگوں نے پینے کے صاف پانی ، گلیوں کی تعمیر و مرمت ، سیوریج اور صحت و صفائی سے متعلقہ اجتماعی مسائل کے علاوہ ذاتی مسائل بھی پیش کئے جنہیں صوبائی وزیر نے غور سے سنا اور ان کے حل کیلئے فوری احکامات جاری کئے۔

راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے وسائل عوام پر خرچ کر رہی ہے۔ لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر تمام مسائل کے حل پر ہماری پوری توجہ ہے۔ عوام کو ڈینگی سے بچانے اور مریضوں کے علاج معالجے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے خاتمے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کو کاروبار کے لئے آسان شرائط پر قرض دینے کے علاوہ سرکاری و غیر سرکاری اداروں میں نوکریوں اور فنی تربیت کے پروگراموں پر مرحلہ وار عمل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ پورے یقین کے ساتھ ملک کو کرپشن سے فری کرنے میں حکومت کا ساتھ دیں اور منفی سیاست کرنے والوں کو مسترد کرکے قومی تعمیر نو کے عمل میں حکومت کے ساتھ شریک ہوں تاکہ آنے والے ماہ وسال میں ہم مسائل سے نکل کر ترقی کے راستے پر گامزن ہو سکیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں