حافظ آباد میں پانچ نومولود بچوں کی ہلاکت قابل مذمت ،یاسمین راشد سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری واپس لی جائے ‘ (ن) لیگ

پنجاب جیسے صوبے کی بدقسمتی ہے جیسا وزیر اعلی ویسے نالائق وزیراور مشیر مل گئے ہیں‘ عظمیٰ بخاری سیکرٹری اطلاعات پنجاب

اتوار 20 اکتوبر 2019 15:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2019ء) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے حافظ آباد ڈسٹرکٹ ہسپتال میں 5 نومولود بچوں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یاسمین راشد مسیحا کے نام پر سیاہ دھبہ بن چکی ہیں،تبدیلی خطرناک اژدھے کا روپ دھار چکی ہے ،تبدیلی نے نومولود بچے بھی نگلنا شروع کردئیے ہیں۔

ماں کی گود اجاڑنے والے کسی رحم اور ہمدردی کے مستحق نہیں ۔

(جاری ہے)

عظمی بخاری نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال حافظ آباد میں بچوں کا آکسیجن ختم ہونے سے اموات واقعہ ہوئی ،ساہیوال اور سرگودھا میں 12بچوں کی ہلاکت کے بعد حافظ آباد میں 5بچے ایک ہی دن میں ہلاک ہو گئے،حکومت کی اس سے بڑی اور نا اہلی اور نالائقی کیا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی سے حکومت کی ترجیحات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے،یاسمین راشد کو انسانوں کی بجائے حیوانات پر تجربات کرنے چاہئیں،پنجاب جیسے صوبے کی بدقسمتی ہے جیسا وزیر اعلی ویسے نالائق وزیراور مشیر مل گئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ایسے لوگوں کی حمایت کرنے والے بھی ان کے جرم میں برابر کے شریک ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں