زراعت اورلائیوسٹاک معاشی خودکفالت میں معاون ہوسکتے ہیں:سردارحسنین

بہادردریشک دودھ کی ملاوٹ کاخاتمہ کیلئے پائلٹ پراجیکٹ بنارہے ہیں جس سے ملک میں سفید انقلاب کی راہ ہموارہوگی

پیر 21 اکتوبر 2019 23:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2019ء) وزیر لائیوسٹاک سردارحسنین بہادردریشک نے کہاہے کہ زراعت و لائیوسٹاک کو پروان چڑھاکر معاشی خودکفالت کی منزل حاصل کی جاسکتی ہے۔ یہ بات انہوںنے وزیراعظم کی کٹاپال اورکٹافربہ سکیم کے حوالے سے منعقدہ اہم پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ اس موقع پر انہوںنے کہاکہ ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں اوسط عمر تقریباً 20سال کم ہے جس کی بنیادی وجہ غذائی قلت کے نتیجے میں ہونے والی متاثرہ نشوونماہے۔

ہمیں غذائی قلت کاسامناہے جس کے باعث ہمارے بچے متاثرہ نشوونما کے مسئلہ سے دوچار ہیں۔ وزیراعظم پاکستان نے نہ صرف اس اہم مسئلہ کو اجاگرکیاہے بلکہ اس کے حل کے لئے مؤثراقدامات اٹھانے پر بھی زوردیاہے۔صوبائی وزیر نے بتایاکہ وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے تحت محکمہ لائیوسٹاک پنجاب دیہی مرغبانی، کٹابچائو اور کٹافربہ سکیموںکے ذریعے صحت مندقوم کی تشکیل کرنے میں کوشاںہے۔

(جاری ہے)

عوامی مفاد کے ان منصوبوںمیں وفاقی اورصوبائی حکومتوں کی معاشی معاونت شامل ہے۔ 80فیصد سبسڈی حکومت پنجاب جبکہ 20فیصد وفاقی حکومت دے رہی ہے۔ آج کے اخبارات میں اشتہارات چھپ چکے ہیں جن میں سکیم سے استفادہ کرنے کاطریقہ کارواضح کردیاگیاہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوںنے بتایاکہ تقریباً 1 ارب 83کروڑ کے اس پروگرام کی مددسے صوبہ پنجاب میں رواں سال 40ہزارکٹے بچانے،30ہزارکٹے فربہ کرنے اورآئندہ تین سال کے عرصہ میں 1لاکھ20ہزارکٹے بچانے اور 1لاکھ20ہزارکٹے فربہ کرنے کے لیے رجسٹریشن کی جائے گی جس کی وجہ سے حیوانی لحمیات کی وافرمقدارمیں دستیابی کویقینی بنایاجاسکے گا۔

چھوٹی عمرکے کم وزن کٹڑوںکی نسبت جوان،صحت منداورفربہ کٹڑوںسے زیادہ حیوانی لحمیات میسرہوںگی ۔ ایک سوال کاجواب دیتے ہوئے وزیرلائیوسٹاک نے کہاکہ دودھ کی ملاوٹ کاخاتمہ کرنے کے لیے ایک پائلٹ پراجیکٹ بنارہے ہیں جس کی مدد سے ملک میں سفید انقلاب کی راہ ہموارہوگی۔ انہوںنے دیہی مرغبانی کے حوالے سے کئے جانے والے سوال کے جواب میں کہاکہ لاہورکی پانچوںتحصیلوںمیں شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے مرغیوںکے یونٹس تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ اس پریس کانفرنس میںڈائریکٹرجنرل (توسیع)ڈاکٹر منصوراحمد،ڈائریکٹرجنرل(پروڈکشن) ڈاکٹرنویدنیازی ،ڈائریکٹرکمیونیکیشن اینڈ ایکسٹینشن ڈاکٹرآصف رفیق اور ایڈیشنل ڈائریکٹرلائیوسٹاک پروڈکشن ڈاکٹرکنورنعیم بھی موجودتھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں