موجودہ حکومت غریب عوام کو دی گئی صحت کی سہولیات بھی چھین رہی ہے‘ذکر اللہ مجاہد

یتیم اور بیوائوں کی خدمت کا سب سے بڑا نیٹ ورک الخدمت فاونڈیشن پاکستان چلارہی ہے صحت کارڈ کی سہولت غربیوں اور حقداروں کو دینے کی بجائے ایک سیاسی سٹنٹ کے طور پر استعمال کی جارہی ہے

منگل 22 اکتوبر 2019 23:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت غریب عوام کو دی گئی صحت کی سہولیات بھی چھین رہی ہے۔ حکومت کے ایک سالہ دور میں جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے نے غریب طبقے کی کمر توڑ دی ہے جبکہ صحت کارڈ کی سہولت غربیوں اور حقداروں کو دینے کی بجائے ایک سیاسی سٹنٹ کے طور پر استعمال کی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت ایمبولینس سروس سنٹر ثریا عظیم (وقف) ہسپتال میں نئی دو ایمبولینس کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد، صدر الخدمت فاونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد، سیکرٹری گورننگ باڈی ثریا عظیم ہسپتال افتخار احمد چوہدری،ایمبولینس ڈونر جمال خان، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور چوہدری محمود الاحد، ایم ایس ثریا عظیم ہسپتال بریگیڈئر (ر) ڈاکٹر ارشد ضیاء، انچارج الخدمت ایمبولینس سروس لاہور ڈاکٹر محمد اشرف سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے مریضوں کو سہولت دینے کا بہانہ بنا کر ڈاکٹروں کی بہت بڑی کمیونٹی کو عدم تحفظ کا شکار کرنا تشویشناک ہے جس کی وجہ سے ڈاکٹرز حضرات سراپااحتجاج ہیں۔ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو صدارتی آرڈنینس کے ذریعے ختم کرنا ایک غیر دانشمندانہ فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہیے تو یہ تھا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر میرٹ پر فیصلے کیے جاتے جس کے اثرات دیر پا ہوتے اور مسائل بھی پیدا نہ ہوتے۔

اداروں کی اتھل پتھل کی بجائے ٹھوس منصوبہ بندی کے ذریعے مسائل کو حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بنا اقتدار کے غریب اور ضرورت مند لوگوں کی خدمت کے کام کو بلا تقریق جاری و ساری رکھے ہوئے ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فاونڈیشن کے فلاحی منصوبہ جات سے پاکستان کے لاکھوں ضرورت مند افراد مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یتیم اور بیوائوں کی خدمت کا سب سے بڑا نیٹ ورک الخدمت فاونڈیشن پاکستان چلارہی ہے۔

یتیم بچوں کے ملک بھر میں پھیلے ہوئے ادارے آغوش سنٹر کے نام سے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اس موقع پر صدر الخدمت فاونڈیشن لاہور عبدالعزیزعابد نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن لاہور شہر کے غریب اور نادار لوگوں کی خدمت کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ شہر بھر میں الخدمت فاونڈیشن لاہور کے تحت چلنے والے ادارے جن میں الخدمت لیب، ایمبولینسز سنٹر، واٹر فلٹریشن پلانٹس، ڈسپنسریاں، بچیوں کے دستکاری سنٹر، سکولز اور آغوش سنٹر سمیت دیگر عوامی خدمت کے پروجیکٹس بلا تقریق مذہب اور رنگ ونسل خدمت خلق کے اس کام کو بخوابی سرانجام دے رہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں