عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات کیلئے ورکرز کنونشن کا انعقاد

اکتوبر سے 11نومبر تک مشعل بردار جلوس نکلیں گے

بدھ 23 اکتوبر 2019 23:03

لاہور۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) منہاج القرآن لاہور کی طرف سے استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں مشعل بردار جلوس نکالنے کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جلوس 29اکتوبر سے 11 نومبر 2019 ء تک نکالے جائیں گے، لاہور کی تمام صوبائی حلقہ پر مشتمل تنظیمات قافلوں کی شکل میں مینار پاکستان پر منعقد ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس میں شریک ہوں گی، عالمی میلاد کانفرنس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری خطاب کریں گے، لاہور کے تمام داخلی راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے جہاں لاہور کے مضافات سے شریک ہونے والے قافلوں کو خوش آمدید کہا جائے گا۔

استقبال ربیع الاول کے مشعل بردار مرکزی جلوس مغلپورہ، رائیونڈ، شاہدرہ اور داروغہ والہ چوک سے نکالے جائیں گے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز چونگی امر سدھو فیروزپور روڈ لاہور پر عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے پی پی 162 ، پی پی 163، پی پی 165 ، پی پی 166، پی پی 168اور پی پی 169 کے عہدیداروں اور کارکنان پر مشتمل میلاد کنونشن منعقد ہوا۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نائب ناظم اعلیٰ کورآرڈینیشن انجینئر رفیق نجم نے کہا کہ پاکستان اور عالم اسلام کا امن سیرت مصطفی پر عمل پیرا ہونے میں ہے، انہوں نے کہا کہ الحمداللہ داتا کی نگری کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ 37سال سے عالمی میلاد کانفرنس کی میزبانی کررہی ہے، اس سال بھی ہمیشہ کی طرح عشاقان مصطفی اور داتا کی نگری کے باسی جوق در جوق عالمی میلاد کانفرنس میں شریک ہو کر کریم آقا سے تجدید عہد وفا کرینگے۔

میلاد ورکرز کنونشن سے حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، اصغر ساجد، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، ثاقب بھٹی،بابر چودھری و دیگر رہنماء وں نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن کے میزبان اصغر ساجد نے تمام شرکاء کاشکریہ ادا کیا اور نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن کویقین دلایا کہ نشتر ٹائون سے ایک بڑی تعداد مینار پاکستان پر منعقدہ عالمی میلاد کانفرنس میں شریک ہو گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں