جعلی حکومت اور سلیکٹڈ وزیر اعظم نوازشریف برادران کوٹیکنیکل انداز میں این آر او دیکر بے نقاب ہوچکے ہیں، رانا جمیل منج

نواز شریف کو این آر او مل چکا ہے اگر عمران نیازی نے نہیں دیا تو کیا فرشتوں نے یہ کام کیا ہے ، سینئر رہنماء پیپلز پارٹی

جمعہ 8 نومبر 2019 23:43

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 نومبر2019ء) سینئر رہنماء پیپلز پارٹی رانا جمیل منج نے کہا کہ تحریک انصاف کی جعلی حکومت اور سلیکٹڈ وزیر اعظم عمران خان نوازشریف برادران کوٹیکنیکل انداز میں این آر او دیکر بے نقاب ہوچکے ہیں،نواز شریف کو این آر او مل چکا ہے اگر عمران نیازی نے نہیں دیا تو کیا فرشتوں نے یہ کام کیا ہے ،نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا گیاہے ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بھائی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے وزارت داخلہ کو نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے ایک باضابطہ درخواست جمع کرائی گئی 6 ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نوازشریف کو این آر او دیکر خود کو یوٹرن کا بادشاہ ثابت کردیا ہے ۔اب حکومت کو جانے سے کوئی نہیں روک سکتا ،ن لیگ باہر جارہی ہے اور تحریک انصاف حکومت سے آئوٹ ہورہی ہے ،باری بلاول بھٹو کی ہے ،عوام الیکشن کی تیاریں کریں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ 25 جولائی 2018 کو بدترین دھاندلی ہوئی اور عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا۔سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان کا حشر بھی ہر آمر اور جابر جیسا ہوگا، جو حال آج اس ملک کاہوچکا ہے، اس پر دل خون کے آنسو روتا ہے، حکمران ٹیکسز کی بھرمار کر کے کہتے ہیں یہ سب پرانے پاکستان کی وجہ سے ہے۔انہوںنے کہا کہ سلیکٹڈ کو عوام نے مسترد کردیا ہے، آج پوری اپوزیشن متفق ہے کہ اس سلیکٹڈ کو باہر نکالنا ہے، اس کی آمرانہ سوچ سے جمہوریت اور آئین خطرے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری بھٹو جلدپورے ملک کے عوام کے پاس جارہے ہیں، اس سلیکٹڈ کی حکومت کو بے نقاب کرکے رہیں گے،اس کیلئے لانگ مارچ بھی کریں گے ، دھرنے کی سیاست کرنی ہے تو وہ بھی کریں گے، ’’گو سلیکٹڈگو‘‘ اب ہر طبقے کا نعرہ بن چکا ہے۔انہوںنے کہاکہ اس ملک میں کٹھ پتلی کو مسلط کرنے کی تیاری کی جارہی ہے، اور پیپلز پارٹی کو عوام میں جانے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے،انہوںنے کہا کہ عمران خان نے 3 ماہ مانگے، مگر ہم نے ایک سال دیاپھر بھی اس نے معیشت کا بیڑہ غرق کردیا۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کے نام پر انتقام کی حد کردی گئی ہے، یہ کیسا احتساب ہے جو صرف اپوزیشن کا ہورہا ہے، صرف الزام پر سابق صدر کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا جاتا ہے، آصف زرداری نے پہلے بھی 11 سال بغیر سزا جیل میں گزاری ہے، ہم ان کاظلم سہنے کو تیار ہیں لیکن یہ توعوام پر ظلم کررہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں