نیب کی جانب سے الحمراء میں برِصغیر کی معاشرتی اقدار اور کرپشن‘‘ کے عنوان پر تقریری مقابلوں پر مشتمل مقالہ جات کا انعقاد

بطور معاشرتی انسان ہمارے لئے سب سے اہم چیز خود احتسابی ہے ،اپنے مقصد کے حصول کیلئے سر توڑ کوششیں جاری رکھیں ‘پروفیسر خالدمحمود

منگل 12 نومبر 2019 00:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2019ء) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہورکی جانب سے الحمراء آرٹس کونسل میں سکولز کی سطح پر پنجاب کی21اضلاع سے منتخب70طلباء و طالبات کے درمیان اردو زبان میں ’’برِصغیر کی معاشرتی اقدار اور کرپشن‘‘ کے عنوان پر تقریری مقابلوں پر مشتمل مقالہ جات کا انعقاد کیا گیا جس میں ، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر خالد مسعود گوندل نے بطور مہمانِ خصوصی جبکہ پرنسپل کنئیرڈ کالج رخسانہ ڈیوڈ، ڈائریکٹر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز وسیم انور چوہدری نے گیسٹ آف آنر کے طور پر شرکت کی۔

پروفیسر خالد مسعود گوندل نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ بطور معاشرتی انسان ہمارے لئے سب سے اہم چیز خود احتسابی ہے ہم یہ نہ دیکھیں کہ موجود وسائل کی تعداد اور نوعیت کیسی ہے بس اپنے مقصد کے حصول کیلئے سر توڑ کوششیں جاری رکھیں اسطرح وہ دن دور نہیں رہتا جب ہمیں ہماری منزل نصیب ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلباء و طالبات کو اپنی زندگی میں کی گئی جدوجہد کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ اپنے اساتذہ اور والدین کے فرمابردار رہیں اور خود احتسابی کو زندگی کا نصب العین بنا لیں تو کامیابی انکے قدم چومے گی۔

طلباء سے خطاب کرتے ہوئے نیب لاہور کے ڈائریکٹر نے نیب کے بدعنوانی کے خلاف اٹھائے جانیوالے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نیب تین جہتی طریقہ کار کے مطابق بدعنوانی کے ناسور کے خلاف جہاد میں مصروف عمل ہے جس میں آگاہی، تدارک اور تادیبی کارروائیوں کی پالیسی کے تحت اقدامات سر انجام دیئے جاتے ہیں۔ نیب کا اویئرنیس اینڈ پری ویشن ونگ سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹی کے طلباء میں بدعنوانی کے خلاف نفرت پیدا کرنے کے لئے اقدامات کر رہا ہے اور کرپشن کو ہونے سے پہلے ہی اسے روکنے کیلئے مختلف حکومتی و پرائیویٹ اداروں کو راہنمائی بھی ساتھ ساتھ ہی فراہم کی جا رہی ہے۔

تقریری مقابلہ کے اختتام پر تمام معزز مہمانان گرامی کو نیب لاہور کیجانب سے شیلڈ پیش کی گئی جبکہ مقابلے میں فاتح امیدواران کو انسداد بدعنوانی کے عالمی یوم کی تقریب میں کیش پرائز، سند اور شیلڈز فراہم کی جائینگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں