شہریوں کو سہولیات کے فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں‘اشفاق خان

منگل 12 نومبر 2019 00:13

لاہور۔11 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2019ء) ڈی آئی جی آپریشنز لاہوراشفاق خان نے کہا ہے کہ آئی جی پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز خان کے ویژن کے مطابق موبائل پولیس خدمت مرکزمختلف مقامات پر شہریوں کو پولیس سروسز ان کے گھر کی دہلیز پر فراہمی یقینی بنارہا ہے‘شہری اب پولیس خدمت مراکز پر بھی ایف آئی آر کے اندراج کی درخواست دے سکتے ہیں‘ موبائل پولیس خدمت مرکز روزانہ 8 بجے صبح تا 4 بجے شام شہر کے مقررکردہ مقامات پرخدمات فراہم کر رہا ہے‘ہفتہ وار شیڈول کے مطابق موبائل پولیس خدمت مرکزبروزسوموارلیاقت چوک سبزہ زار،منگل شادمان چوک،بدھ مین مارکیٹ گلبرگ، جمعرات بنک سکوائر مارکیٹ ماڈل ٹائون،جمعہ پاک عرب سوسائٹی اوربروزہفتہ وائے بلاک مارکیٹ ڈیفنس پر فرائض سرانجام دے گا۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی آپریشنز لاہوراشفاق خان نے مزید کہا کہ شہریوں کو سہولیات کے فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں‘شہریوں کوکریکٹرو ویریفکیشن سرٹیفکیٹس، گمشدگی رپورٹس، کرایہ داروںکا اندراج اور لائسنسنگ سمیت14 سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ لاہور پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے‘ موبائل پولیس خدمت مرکزکو شہریوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں