سیکرٹری بلدیات پنجاب ادارے کے شدید مالی بحران کو کنٹرول کرنے میں ناکام

پنشنرز کو ادائیگیوں کا سلسلہ بند ، پنشن کی عدم ادائیگی کی بنیادی وجہ فنڈز کی قلت ،ماہانہ پنشن کی مد میں دستیاب فنڈز کے مقابلے میں خسارہ دو کروڑ روپے سے تجاوز کر گیا ادارے کے ریٹائرڈ ملازمین کو 6 کروڑ روپے پنشن کی مد میں ادا کرنے کیلئے فنڈز موجود نہیں، احمد جاوید قاضی

بدھ 13 نومبر 2019 00:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 نومبر2019ء) سیکرٹری بلدیات پنجاب احمد جاوید قاضی ادارے کے شدید مالی بحران کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں بڑھتے ہوئے مالی بحران کے پیش نظر صوبہ بھر میں ہزاروں پنشنرز کو ادائیگیوں کا سلسلہ بند کر دیا گیا ہے۔ ماہانہ پنشن کی مد میں دستیاب فنڈز کے مقابلے میں خسارہ دو کروڑ روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ بلدیات پنجاب 6 کروڑ روپے ماہانہ بنیادوں پر پنشن کی مد میں ادا کر رہا ہے مگر گزشتہ دو سال کے دوران پنشن کی ادائیگی میں تاخیر کا سلسلہ جاری ہے، پنشن کی عدم ادائیگی کی بنیادی وجہ فنڈز کی قلت ہے جبکہ پنشنرز میں اضافہ ہو رہا ہے مگر ان کو پنشن کی بروقت ادائیگی کے لئے لوکل گورنمنٹ بورڈ کے خزانہ میں مطلوبہ فنڈز دستیاب نہیں ہیں محکمہ بلدیات پنجاب کے فنانس ونگ کی مرتب کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ادارے کے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو 6 کروڑ روپے ماہانہ پنشن کی مد میں ادا کرنے کے لئے فنڈز موجود نہیں ہیں جس کی وجہ سے پنشن کی ادائیگی التواء کا شکار ہے جبکہ محکمہ بلدیات پنجاب کا پنشن فنڈ سابقہ دور حکومت کے دوران مختلف منصوبوں پر خرچ کیا جا چکا ہے جس کی وجہ سے پنشنرز شدید بدحالی کا شکار ہو رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں