لاہور،وزیراعلیٰ کا کاٹیج انڈسٹریز کے فروغ کیلئے بڑا قدام، آسان شرائط پر قرضے جاری کرنے کا فیصلہ

کاٹیج انڈسٹری کیلئی30 کروڑ ‘سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کیلئے 6 ارب‘ لون مارک اپ سپورٹ پروگرام کے تحت3 ارب روپے مختص وزیر اعلی کا سبزیوں کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافے پر گہری تشویش ، قیمتوں میں استحکام کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت قرضوں کی فراہمی سے نہ صرف صوبے میں صنعت کو فروغ ملے گا بلکہ نوجوانوں کو بہتر روزگار بھی میسر آئے گا‘سردارعثمان بزدار

بدھ 13 نومبر 2019 00:07

لاہور۔12 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2019ء) پنجاب حکومت نے صوبے میں چھوٹی صنعتوں کے فروغ کیلئے آسان شرائط پر قرضے کا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اس ضمن میں وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں کاٹیج انڈسٹریز کے فروغ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔

وزیراعلیٰ کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کے پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سے صوبے کی صنعت ترقی کرے گی‘ سرمائے کی کمی کے باعث کاروبار کو وسعت نہ دینے والی صنعتوں کو ان قرضہ سکیموں سے بہت فائدہ ہوگا اور نوجوان نہ صرف ہنر سیکھیں گے بلکہ انہیں روزگار بھی ملے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایاگیا کہ کاٹیج انڈسٹریز کے لئے آسان شرائط پر قرض دینے کے پروگرام کیلئے 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں‘ کاٹیج انڈسٹریز کو فروغ دینے کیلئے 3 لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا‘ قرضے کی واپسی 3 برس میں ہوگی جبکہ3 ماہ کا گریس پیریڈ ہوگا‘اسی طرح سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کیلئے 6 ارب روپے کی لاگت سے قرضے کی سکیم شروع کی جائے گی جس کے تحت 30 لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا اور 6 ماہ کا گریس پیریڈ ہوگا‘لون مارک اپ سپورٹ پروگرام کے تحت موجودہ ایس ایم ایز کو بھی آسان شرائط پر قرض ملے گا اور اس سکیم کیلئے 3 ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ درخواست کی وصولی سے قرض کی ادائیگی تک کا عمل انتہائی شفاف اور تیز رفتار ہونا چاہیئے اور محکمہ اس ضمن میں ٹائم لائن بنا کر حتمی رپورٹ پیش کرے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مصنوعی مہنگائی خصوصاً سبزیوں کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پرائس کنٹرول ٹاسک فورس کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے اورکہا ہے کہ ماڈل بازاروں میں زرعی فیئر پرائس شاپس پر سبزیاں سرکاری نرخ پر دستیاب ہوں گی۔

انہوںنے کہا کہ صوبے میں ماڈل بازاروں کے دائرہ کار کو تحصیل کی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ماڈل بازاروں کو تحصیل کی سطح تک بڑھانے کے حوالے سے جامع پلان بنا کر پیش کیا جائے ۔انہوںنے کہاکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرز پر صوبائی پرائس کنٹرول اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی پرائس کنٹرول اتھارٹی کے قیام کیلئے میکانزم کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔

انہوںنے کہا کہ مصنوعی مہنگائی کے سدباب کیلئے فول پروف سسٹم تشکیل دیا جائے‘ اشیائے و خورد و نوش کے نرخوں میں استحکام کیلئے متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریںاور ضلعی انتظامیہ اشیاء کے نرخ کی کڑی مانیٹرنگ یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنے فرائض تندہی اور دیانتداری سے سرانجام دیں اور تمام دکانوں پر ریٹ لسٹ نمایاں آویزاں کی جائے۔ صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ ،سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری صنعت، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری اطلاعات ، ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اور سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں