ملکی معاشی صورتحال میں بہتری سے متعلق قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی

بدھ 13 نومبر 2019 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2019ء) چیئر پرسن سٹیڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم و رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے ایک قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس کے مطابق ملکی معاشی صورت میں تیزی سے بہتری عوام کا منتخب حکومت پر گہر ااعتماد ہے اور ر واں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ پچھلے سال کے چار ماہ کے مقابلے میں 36 فیصد کم ہوا ہے جس میں مزید کمی آئے گی۔

حکومتی مثالی اقدامات کی وجہ سے ملکی برآمدات میں چار فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ درآمدات میں تقریباً تیس فیصد کمی آئی ہے۔ تجارتی خسارے میں آٹھ ارب ڈالر کمی آئی ہے۔ گورنمنٹ کے مالیاتی خسارے میں پچھلے سال کے مقابلے میں 9 فیصد کمی آئی ہے۔ حکومت کی توجہ آمدنی بڑھانے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ حکومتی اخراجات کم کرنے پر مرکوز ہے۔

(جاری ہے)

پچھلے چار ماہ میںبجٹ کا خسارہ محض 286 ارب روپے رہے ہیں جو کہ بجٹ کے تخمینوں کے مطابق 543 ارب روپے تھا۔ ایف بی آر نے گزشتہ چار ماہ میں 1280 ارب روپے اکٹھے کیے ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے اور پچھلے سال کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ ہے۔ یہ مدنظر رکھنا ضروری ہے کہ تجارتی خسارے کو کم کرنے کے لئے حکومت نے درآمدات کو کم کرنے کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے اس کے باوجود بھی ایف بی آر کی ٹیکس حصول میں اضافہ ہوا ہے۔

مقامی طور پر ٹیکس کولیکشن میں 21 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ حکومت اخراجات کو قابو میں رکھنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ اس ضمن میں حکومت کی جانب سے کسی وزارت کو کوئی ضمنی گرانٹ نہیں دی جا رہی۔ روپے کی قیمت میں نہ صرف استحکام بلکہ اضافہ سامنے آیا ہے۔ اسٹاک مارکیٹ میں مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔ یہ ایوان قرار دیتا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں تین سال کے بعد مثبت ردعمل سامنے آیا ہے اور 500 سے 600 ملین ڈالر اضافی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔

گزشتہ چند ماہ میں سیکورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے تحت مزید ایک ہزار سے زائد کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئی ہیں۔ پہلے یہ تعداد 4600 تھی جو کہ اب 5700 ہوگئی ہے۔ یہ اضافہ 24 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ 19 لاکھ ٹیکس دہندگان کی تعداد کو بڑھا کر 27 لاکھ کیا جا چکا ہے جس میں مزید اضافہ متوقع ہے ٹریڈرز کے ساتھ معاملات نہایت احسن طریقے سے حل کیے گئے جس سے ملکی معیشت کو دستاویزی شکل دینے کے عزم کو عملی جامہ پہنانے میں مدد ملے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں