جرمن سفیر برن ہارڈ سٹیفن شلیگ ہیگ سے منصورہ میں جماعت اسلامی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات

ایک گھنٹہ جاری رہنے والی ملاقات میں عالمی ، علاقائی اور خصوصاً کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا

جمعرات 14 نومبر 2019 00:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 نومبر2019ء) جرمن سفیر برن ہارڈ سٹیفن شلیگ ہیگ نے منصورہ میں جماعت اسلامی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، نائب امراء لیاقت بلوچ ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، ڈائریکٹر امور خارجہ عبدالغفار عزیز ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر شامل تھے ۔ قریباً ایک گھنٹہ جاری رہنے والی ملاقات میں عالمی ، علاقائی اور خصوصاً کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو ختم کیے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا ۔ عالمی برادری اور حقوق انسانی کی عالمی تنظیموں کو کشمیر میں جاری کرفیو کے خاتمہ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

جرمن سفیر نے کہاکہ ہماری حکومت کی بھی کشمیر کے حالات پر گہری نظر ہے ۔

ہم کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں۔ دریں اثنا لیاقت بلوچ نے طلبہ ، نوجوانوں اور اقلیتوں کے وفد سے گفتگو اور سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہاکہ میاں نوازشریف کی صحت پرنااہل حکومت نے سیاسی دھندا کیا ، خود ہی الجھائو کا شکار ہوگئی ہے ۔ میری رائے ہے کہ میاں نوازشریف کو علاج کے لیے باہر جانے سے انکار کردینا چاہیے ، زندگی موت حکومتوں کا نہیں اللہ تعالیٰ کا اختیار ہے۔

پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق محفوظ ہیں ۔ جماعت اسلامی محب وطن اقلیتوں کو پاکستان کے بااعتماد شہری تسلیم کرتی ہے ۔ ہندوستان میں بابری مسجد مقدمہ کے فیصلہ نے ثابت کردیا ہے کہ وہاں مسلمان دوسرے درجے کے شہری ہیں ۔جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر مظالم سے عیاں ہے کہ نریند ر مودی بھارت کے سیکولر چہرے کو بے نقاب کررہاہے ، انسانی حقوق کی انہیں کوئی پروا ہ نہیں ۔

نریندر مودی خطہ میں امن ، خوشحالی اور استحکام کی بجائے صرف اور صرف اپنے سیاسی مقاصد کے تحت جموں و کشمیر کو ہڑپ کرنے اور بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کے ہدف پورے کر رہے ہیں ۔ پاکستان میں مسلم اور اقلیتوں کا باہمی اتحاد و اعتماد دنیا کے لیے مثال بنائیں گے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ نااہل ، کرپٹ اور کھلنڈرے حکمرانوں کی وجہ سے ہر دور میں نوجوان نسل کو نظر انداز کیا گیاہے ۔

جماعت اسلامی طلبہ اور نوجوان نسل کو اسلامی ، خوشحال اور مستحکم پاکستان کی اہم بنیاد سمجھتی ہے ۔ تعلیمی اور تحقیقی بجٹ میں اضافہ ، طلبہ کے جمہوری حقوق کی بحالی قومی ضرورت ہے ۔ یہ وقت ہے کہ طلبہ اور طالبات کو عزت دی جائے ۔ نوجوانوں پر اعتماد کیا جائے ، ہم نوجوانوں کی طاقت سے ملک بھر کو بحرانوں سے نجات دلائیں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں