چیف سیکرٹری کا گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈائون تیز کرنے کا حکم

ناجائز منافع خوری برداشت نہیں، غفلت کا مظاہرہ کرنے والے افسران کیخلاف بھی کارروائی کی جائے گی ‘یوسف نسیم کھوکھر 30سبزی منڈیوں میں فارمر مارکیٹس کا آغازکر دیا گیا ہے، قیمت ایپ پرصارفین کی شکایات کا بر وقت ازالہ کیا جا رہا ہے‘ بریفنگ

جمعرات 14 نومبر 2019 19:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2019ء) چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے ہدایت کی ہے کہ صوبہ میں اشیاء خورونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی سے متعلق شکایات کا بروقت ازالہ ہر صورت ممکن بنا یا جائے ، غفلت کا مظاہرہ کرنے والے افسران کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ ہدایت انہوں نے صوبے میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے کئے جانیوالے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہا کہ قیمتوں کے ساتھ سا تھ اشیاء کے معیار، طلب اور رسد پر بھی کڑی نظر رکھی جائے اور ناجائز منافع خوروں ، مصنوئی مہنگائی پیدا کرنے والوں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈائون تیز کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول سے متعلق اقدامات کی نگرانی کیلئے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کو مختلف اضلاع کے دورے کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ، مانیٹرنگ کے عمل کو مزید موثر بنانے کیلئے خصوصی سکواڈز بھی تشکیل دیئے جائیں اور اس سلسلے میں کارکردگی سے متعلق رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر بھجوائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس اہم معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ چیف سیکرٹری نے اشیاء خورونوش میں ملاوٹ کیخلاف خصوصی مہم شروع کرنے کی ہدایات بھی دیں۔ انہوں نے کہا کہ عام دکانداروں کی بجائے بڑے ہول سیلرز پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ ذخیرہ اندوزی کا سدباب کیا جا سکے۔ راولپنڈی میں آٹے کی مقررہ سے زائد قیمت پر فروخت کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہاکہ اشیاء خورونوش با لخصوص آٹا، چینی ، گھی اور روٹی کی مقررہ نرخوں پر فروخت کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔

اجلاس میںمصنوئی مہنگائی پر قابو پانے کیلئے تحصیل کی سطح پر فارمر (کسان) مارکیٹس کے قیام اور بڑے شہروں میں ہوم ڈلیوری سسٹم شروع کرنے سے متعلق پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ سیکرٹری زراعت نے اجلاس کو بتایاکہ مختلف اضلاع کی 30سبزی منڈیوں میں فارمر مارکیٹس کا آغازکر دیا گیا ہے جہاں کسان براہ راست سستی سبز یاں ، پھل اور دیگر غذ ائی اجناس فروخت کر سکیں گے جبکہ ہر ضلع میں تحصیل کی سطح پر دو فارمر مارکیٹس قائم کرنے کیلئے جگہ کی نشاندہی کا عمل جاری ہے۔

سیکرٹری صنعت نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کیخلاف بلا تفریق کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قیمت ایپ کے ذریعے صارفین کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جا رہا ہے اور گزشتہ روز 804شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 494کا ازالہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں