تحریک تکمیل پاکستان کے بانی صدر اور سابق وفاقی وزیر محمود علی مرحوم کی برسی پر تقریب کاانعقاد

محمود علی مرحوم ایک زیرک انسان اور بلند پایہ شخصیت تھے، بڑی خوبی اٹل پاکستانیت تھی،تحریکِ پاکستان کے متحرک رہنما اور قائداعظمؒ کے سپاہی تھے، آپ دو قومی نظریے کو پاکستان کی بقاء کیلئے لازم قرار دیتے تھے، اپنی زندگی پاکستان کیلئے وقف کررکھی تھی‘ پاکستان ازسر نو دوبارہ ایک اور بنگلہ دیش کوپاکستان کا حصہ بنانا خواہش رہی،تقریب سے مقررین کا خطاب

جمعہ 15 نومبر 2019 23:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2019ء) محمود علی مرحوم ایک زیرک انسان اور بلند پایہ شخصیت تھے‘ ان کی سب سے بڑی خوبی اٹل پاکستانیت تھی۔ وہ تحریکِ پاکستان کے متحرک رہنما اور قائداعظمؒ کے سپاہی تھے۔ آپ دو قومی نظریے کو پاکستان کی بقاء کیلئے لازم قرار دیتے تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی پاکستان کیلئے وقف کررکھی تھی‘ آپ کی بڑی خواہش تھی کہ پاکستان ازسر نو دوبارہ ایک ہواور بنگلہ دیش بھی پاکستان کا حصہ بن جائے۔

ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوانِ کارکنانِ تحریک پاکستان، لاہور میں تحریک پاکستان کے رہنما‘ تحریک تکمیل پاکستان کے بانی صدر اور سابق وفاقی وزیر محمود علی مرحوم کی تیرہویں برسی کے موقع پر منعقدہ خصوصی نشست کے دوران کیا ۔ نشست کا اہتمام نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممتاز سیاسی وسماجی رہنما بیگم مہناز رفیع، سیکرٹری نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید، صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کاشف ادیب جاودانی، مسلم لیگی رہنما رانا محمد ارشد، کارکن تحریک پاکستان میاں ابراہیم طاہر ، محمد فیاض، انجینئر محمد طفیل ملک،احمد تاثیر انور، نواب برکات محمود ، اساتذہٴ کرام‘ طلباوطالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کثیر تعداد میں موجود تھے۔

نشست کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک‘نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانہ سے ہوا۔حافظ محمد شہریار نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ محمد بلال ساحل نے بارگاہ ٴ رسالت مابؐ میں نذرانہٴ عقیدت پیش کیا۔نشست کی نظامت کے فرائض حافظ عثمان احمد نے اداکئے۔تحریک پاکستان کے مخلص کارکن ،سابق صدر مملکت و چیئرمین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے شرکاء کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ محمود علی مرحوم دو قومی نظریے کو پاکستان کی بقاء کیلئے لازم قرار دیتے تھے۔

محمود علی مرحوم کے دل میں اس ارضِ پاک کی محبت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی۔ ان کیلئے مادرِ وطن کا تقدس اور استحکام ہی سب کچھ تھا۔ وہ پاکستانی قوم کے سامنے ہمارے ازلی دشمن بھارت کا چہرہ مسلسل بے نقاب کرتے رہے۔ متحدہ پاکستان ان کا خواب تھا جسے تعبیر دینے کیلئے انہوں نے خود کو کلی طور پر وقف کردیا تھا۔بیگم مہناز رفیع نے کہا کہ محمود علی مرحوم مشرقی پاکستان کے رہائشی تھے لیکن مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے بعدبھی انہوں نے وہاں جانا پسند نہ کیا کیونکہ وہ اپنے آپ کو صرف پاکستانی کہلوانا چاہتے تھے۔

وہ اول وآخر پاکستانی تھے،ان کے دل میں اس ارضِ پاک کی محبت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی۔ محمو علی مرحوم قائداعظمؒ کے نظریات وتصورات کے مطابق اس وطن عزیز کو ایک جدید اسلامی جمہوری فلاحی ملک دیکھنا چاہتے تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی پاکستان کیلئے وقف کر رکھی تھی ۔نئی نسل ان کی پیروی کرتے ہوئے ملکی تعمیر وترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

رانا محمد ارشد نے کہا کہ محمود علی مرحوم سرتاپا پاکستانی تھے اور زندگی بھر پاکستانیت کو فروغ دیتے رہے۔وہ محب وطن پاکستانی تھے۔ انہوں نے سقوط مشرقی پاکستان کے بعد تحریک تکمیل پاکستان کا آغاز کیا۔انہوں نے پاکستانیت پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ۔ وہ قائداعظمؒ کے سچے پیروکار تھے۔ کاشف ادیب جاودانی نے کہا محمود علی قائداعظمؒ کے سچے پیروکار تھے۔

انہیں مشرقی پاکستان کی علیحدگی کا بڑا دکھ تھا اور انہوں نے بنگلہ دیش کو دوبارہ پاکستان کا حصہ بنانے کیلئے تحریک تکمیل پاکستان کی بنیاد رکھی اور اس مشن کی کامیابی کیلئے جدوجہد کرتے رہے۔ محمود علی مرحوم کا تعمیر پاکستان کا جذبہ ہمارے لیے ایک مثال ہے۔ان کے آخری الفاظ تھے ’’کشمیر پر ہم کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے‘‘۔شاہد رشید نے کہا کہ محمود علی مرحوم عظیم محب وطن رہنما تھے جن کا کردار ہمیشہ مشعل راہ رہے گا۔

وہ زندگی بھر دوقومی نظریہ کی ترویج و اشاعت کرتے رہے اور پاکستان دولخت ہونے کے بعد بھی اس نظریے پر مضبوطی سے قائم رہے۔ محمود علی مرحوم متحدہ پاکستان کے بہت بڑے داعی اور عظیم محب وطن سیاسی رہنما تھے۔آپ نے تحریک پاکستان میں بھرپورحصہ لیا اور سلہٹ ریفرنڈم کی کامیابی کیلئے دن رات کام کیا۔1971ء کے سانحہ کے بعد محمود علی نے موجودہ پاکستان میں مرتے دم تک سکونت رکھی اور یہاں تحریک تکمیل پاکستان شروع کی ،آپ پاکستان کو مکمل دیکھنے کے خواہشمند تھے، انہوںنے تحریک تکمیل پاکستان کے پلیٹ فارم سے متحدہ پاکستان کیلئے بھرپور جدوجہد کی۔

پاکستان سے ان کی محبت اور وفا درجہٴ کمال کی تھی۔ تقریب کے آخر میں حافظ عثمان احمد نے محمود علی مرحوم کی روح کے بلندئ درجات اور ملکی تعمیر و ترقی کے لیے دعا کروائی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں