کرپشن سے پاک قیادت ہی ملک و قوم کی ترقی کی ضمانت ہے : ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد

چہرے اور پارٹیاں بدلنے والے کبھی بھی ملک و قوم کے حالات نہیں بدل سکتے /عوام کے پاس مسائل اور استحصالی نظام سے چھٹکارے کا واحد حل کرپشن سے پاک قیادت اور اسلامی نظام اختیار کرنے میں ہے

جمعہ 15 نومبر 2019 23:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2019ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ کرپشن سے پاک قیادت ہی ملک و قوم کی ترقی کی ضمانت ہے ۔ قوم اگر مسائل ، ظلم اور استحصالی نظام سے چھٹکارا چاہتی ہے توکرپشن سے پاک قیادت اقتدار میں لاکر ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ کرنا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور مختلف سیاسی و سماجی وفود سے گفتگو کے دوران اپنے ایک بیان میں کیا۔

ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ کرپشن سے پاک پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے قوم کو دیانتدار اور باصلاحیت قیادت کو اقتدار میں آگے لانا ہوگا۔ چہرے اور پارٹیاں بدلنے والے کبھی بھی ملک و قوم کے حالات نہیں بدل سکتے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ نے حکمرانوں نے 14 ماہ میں عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے ان میں کئی گناہ اضافہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کی کارکردگی اور عوام دشمن پالیسیوں سے غریب اور سفید پوش کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ حکمران مدینہ کی ریاست کی باتیں صرف تقریروں کی حد تک کر کے عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے حکمرانوں نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کے وعدے کو پورا کرنے کی بجائے ایک لاکھ سے زائد ملازمین کو فارغ کیا گیا ہے ،روز گار دینے کی بجائے لوگوں سے روزگار چھینا جارہا ہے جو قابل مذمت ہے اور حکمرانوں کیلئے باعث شرم ہے ۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ عوام کے پاس مسائل اور استحصالی نظام سے چھٹکارے کا واحد حل کرپشن سے پاک قیادت اور اسلامی نظام اختیار کرنے میں ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں