ہائوسنگ سکیموں کے این او سی کے جلد اجراء کیلئے متعلقہ محکموں کے ربط کو یقینی بنایا جارہا ہے ،میاں محمودالرشید

جمعہ 15 نومبر 2019 23:58

لاہور۔15 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2019ء) وزیرہائوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کنسٹرکشن سیکٹر کے فروغ کے لئے بھرپور اور جامع اقدامات کر رہی ہے۔ ہائوسنگ سکیموں کے لئے بلڈرزوڈویلپرز کو این او سی کے اجراء کے حوالے سے متعلقہ محکموں کے باہمی ربط کو یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ این او سی کے اجراء کو کم سے کم وقت میں ممکن بنایا جا سکے۔

کنسٹرکشن سیکٹر کی ترقی کیلئے قواعد و ضوابط کو آسان بنا کر نجی شعبے کو بھرپور ریلیف فراہم کیا جائے گا۔یہ بات انہوں نے کنسٹرکشن سیکٹر کے فروغ کے لئے قائم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ سیکرٹری ہائوسنگ نسیم صادق، ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) لیاقت چٹھہ، بورڈ آف ریونیو، خزانہ، پنجاب ریونیو اتھارٹی، ایل ڈی اے، لوکل گورنمنٹ، ہائوسنگ ٹاسک فورس ، ایف بی آر اور دیگر متعلقہ کے حکام اور بلڈرز وڈویلپرز کے نمائندے اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران کنسٹرکشن سیکٹر سے متعلقہ قواعد و ضوابط اور این او سی کے اجراء کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی سفارشات تیار کرنے کے حوالے سے کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کی کارروائی پر بھی تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔ اجلاس کے دوران ٹیکسیشن نظام اور این او سی کے اجراء کیلئے سفارشات مرتب کرنے کیلئے قبل ازیں قائم کی جانے والی دو سب کمیٹیوں کی رپورٹ بھی اجلاس میں پیش کی گئی۔

مزیدبرآں بلڈرز اور ڈویلپرز کے نمائندوں کی طرف سے متعلقہ قوانین کو آسان بنانے کے حوالے سے دی جانے والی متعدد تجاویز پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔میاں محمودالرشید نے اس موقع پر کہا کہ کنسٹرکشن سیکٹر کی ترقی و بحالی کیلئے متعلقہ قواعد و ضوابط کو آسان بنانے کیلئے جامع پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے اور اس ضمن میں تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں