اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے،صوبائی وزیر خوراک

آٹا وگندم کی غیر قانونی ترسیل اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے، سمیع اللہ چوہدری

ہفتہ 16 نومبر 2019 23:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2019ء) صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ آٹا وگندم کی غیر قانونی ترسیل اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کمشنر آفس بہاول پور میں ڈویژنل پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

ویڈیو لنک اجلاس میں کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں جمیل احمد جمیل، ایڈیشنل کمشنر رابطہ آفتاب احمد پیرزادہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عامر کھچی، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اور متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ حکومت پنجاب کی قیمت ایپ پر موصول ہونے والی شکایات پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز موثر کاروائی کو یقینی بنائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے والے اقدامات کو پہلی ترجیح پر رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کاشتکار کو معاشی تحفظ دینے اور استحصالی مڈل مین کلچر کے خاتمہ کے لئے زرعی منڈیوں اور ماڈل بازار میں براہ راست اجناس کی فروخت کی سہولت کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ آٹا، گھی، چینی اور دیگر اشیائے صرف کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کو مزید موثر کیا جائے۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژن بھر میں انتظامی افسران اشیائے ضروریہ کے نرخ کنٹرول کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے بہترین حکمت عملی کے ساتھ سرگرم عمل ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گندم کوٹہ فراہمی کے سلسلہ میں بہاول پور ڈویژن کی 96فلور ملز کو روزانہ 1607میٹرک ٹن گندم کوٹہ فراہم کیا جاتا ہے اور ملز سے 20کلو تھیلہ کے 48195بیگز روزانہ کی پیداوار کی جاتی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں