جے یو آئی (ف) کا جی ٹی روڈ پر دھرنا، لاہورسے باہر جانیوالی گاڑیوں کی قطاریں

کارکنان امامیہ کالونی پھاٹک پر دھرنا دے کر بیٹھے رہے ،حکومت کیخلاف نعرے بازی، پولیس کی بھاری نفری تعینات قیادت نے حکم دیا تو فیروزپور روڈ،مال روڈ،شیخوپورہ روڈ اورملتان روڈکوبھی بندکردیں گے‘ مولانا صفی اللہ کا دھرنے سے خطاب

پیر 18 نومبر 2019 23:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2019ء) جمعیت علمائے اسلام(ف) کے پلان بی کے تحت کارکنان نے امامیہ کالونی کے مقام پر دھرنا دے کر جی ٹی روڈ کو بند رکھاجس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر رہا ،دھرنے کی وجہ سے لاہور سے دوسرے شہروں کو جانے والی ٹریفک متاثر رہی او رگاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں ، کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی ،رات کے وقت دھرنا ختم کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جے یو آئی (ف) کے پلان کے تحت گزشتہ روز جی ٹی روڈ کو امامیہ کالونی کے مقام پر دھرنا دے کر بند کر دیا گیا جس کی وجہ سے ٹریفک کانظام درہم برہم ہو گیا ۔ سی ٹی او کے مطابق جے یو آئی کے کارکنان نے لاہور سے گوجرانوالہ جانیوالے ٹریک پر دھرنا دیا ہوا ہے تاہم گوجرانوالہ سے لاہور آنیوالی ٹریفک کومعمول کے مطابق چلایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

وارڈنز کی بھاری نفری ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں رکھنے میں مصروف ۔جی ٹی روڈ برکت پلی سے ٹریفک کو بدوپلی کی طرف بھیجا جارہا ہے لاہور سے باہر جانیوالی ٹریفک کو شاہدرہ چوک سے بیگم کوٹ چوک، دوساکو چوک کی طرف بھی بھجوایا جا رہا ہے۔راوی روڈ سے ٹریفک کو رنگ روڈ براستہ بابو صابو،سگیاں موٹروے بھجوایا جا رہا ہے۔جمعیت علما اسلام (ف)پنجاب کے جنرل سیکرٹری مولانا صفی اللہ نے دھرنے کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہوجاتے ملک گیراحتجاج اوردھرنوں کا سلسلہ جاری رہے گا ،ہمارا یہ احتجاج سلیکٹیڈ اورناجائزحکومت کیخلاف ہے،سلیکٹیڈکوگھرجانا ہوگا۔

انہوںنے کہاکہ احتجاج کا دائرہ کار سڑکوں سے شہروں کے اندر بڑھائیں گے،قیادت نے حکم دیا تو فیروزپور روڈ،مال روڈ،شیخوپورہ روڈ اورملتان روڈکوبھی بندکردیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں