عوام کی فلاح و بہبود ہماری ترجیح ہے : راجہ راشد حفیظ

منگل 19 نومبر 2019 00:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 نومبر2019ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے اپنے حلقہ انتخاب پی پی 16کی یو سی 34 بنی تالاب میں عرصہ دراز سے بند پڑی میونسپل فری ڈسپنسری کی حالت زار درست کرکے اس کو فوری طور پر فعال بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے اس کی بندش کی وجوہات بارے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔

انہوں نے ڈسپنسری کے دورے کے دوران اس کی بندش پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ ماضی میں عدم توجہ کے باعث عوامی بہبود کے اس طرح کے بے شمار منصوبے غیر فعال بنا دئیے گئے جن پر قومی خزانے سے خطیر رقوم خرچ ہوتی ہیں ۔ صوبائی وزیر نے ڈسپنسری کی حالت زار بدلنے ، ڈاکٹر اور دیگر عملے کی تعیناتی اور ادویات کی فراہمی کے احکامات جاری کئے تاکہ علاقے کے عوام کو علاج معالجے کی سہولیات ان کی دہلیز پر بہم پہنچائی جا سکیں ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے یونین کونسل کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور سڑکوں ، گلیوں ، سیوریج سسٹم اور دیگر سہولیات کا جائزہ لینے کے بعد کھلی کچہری میں عوامی مسائل بھی سنے ۔ اس موقع پر عوام الناس نے صوبائی وزیر کو اپنے اجتماعی و انفرادی مسائل سے آگاہ کیا جن کے حل کیلئے راجہ راشد حفیظ نے موقع پر ہی متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے احکامات جاری کئے ۔

انہوں نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کو درپیش مسائل معلوم کرنے اور ان کے حل کیلئے وقتافوقتا ہر یونین کونسل کا دورہ کریں گے ۔ علاوہ ازیں وہ راولپنڈی میں قیام کے دوران اپنے دفتر میں عوامی مسائل سننے کیلئے موجود ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود ہماری ترجیح ہے اور تعلیم و صحت کے لئے موجود غیر فعال سہولیات کو پوری طرح فعال بنایا جا ئے گا۔ اس مقصد کیلئے تمام مزید سہولیات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائیگی ۔ صوبائی وزیر نے اپنے دفتر میں بھی کھلی کچہری کے دوران لوگوں سے ان کے مسائل معلوم کئے اور ان کے حل کے احکامات جاری کئے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں