46ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کے شرکاء کے وفد کا سول سیکرٹریٹ کا دورہ

راجہ یاسر ہمایوں ، یوسف نسیم کھوکھر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے انڈر ٹریننگ اے ایس پیز کی میزبانی کی &اصلاحات کا بنیادی مقصد نظام کی بہتری ، عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی ہونا چاہئے۔ چیف سیکرٹری

منگل 19 نومبر 2019 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2019ء) 46 ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام میں شامل اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پیز) نے سول سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں اور چیف سیکریٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے وفد کا استقبال کیا۔ وفد میں چھ خواتین سمیت 29 انڈر ٹریننگ اے ایس پیز شامل تھے جن کو پنجاب میںترقیاتی منصوبوں ،ای گورننس، مختلف شعبوں میں اصلاحات اور صوبہ میںامن و امان کی صورتحال بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیرراجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ حکومت روایتی پولیس کلچر کو تبدیل کرنے کیلئے اصلاحات متعارف کروا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سروس ڈلیوری اور شہریوں کیساتھ پولیس کے رویے میں بہتری لانے کیلئے تھانوں میں فرنٹ ڈیسک قائم کئے گئے ہیں اور تفتیش کے طریقہء کار میں جدت لانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ پولیس اصلاحات وقت کا اہم تقاضہ ہیں اور ان اصلاحات کابنیادی مقصد نظام کی اصلاح اور عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود بہتری لانے کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال نا گزیر ہے۔

انہوں نے افسران کو تاکید کی کہ وہ اپنے فرائض منصبی پوری ایمانداری اور محنت سے سرانجام دیں اورعام آدمی کے مسائل کے حل کیلئے مثبت کردار ادا کریں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سید علی مرتضیٰ، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات عمران سکندر بلوچ ،سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر مومن آغا، چیئرمین پی آئی ٹی بی اظفر منظور اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں