پاکستان ریلوے کی 50 سال کے طویل عرصے کے بعد نیشنل گیمزمیں تیسری پوزیشن

منگل 19 نومبر 2019 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2019ء) پاکستان ریلوے نے 50 سال کے طویل عرصے کے بعد نیشنل گیمزمیں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ یہ تاریخی کامیابی 33ویں نیشنل گیمز میں 1815پوائنٹس لے کر حاصل کی گئی۔ ان خیالات کا اظہار صدر پاکستان ریلوے سپورٹس بورڈ /جنرل منیجر ڈبلیو اینڈ ایس آئی شاہد عزیز نے ریلوے گڑھی شاہو سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

یہ پریس کانفرنس پاکستان ریلوے کی تیسری پوزیشن لینے کے بعد صدر پاکستان سپورٹس بورڈشاہد عزیز اور نائب صدر پاکستان ریلوے سپورٹس بورڈ حمدان نذیرنے یہ مشترکہ طور پر کی۔ انہوں نے کہا کہ 2013میں ہونے والی نیشنل گیمز میں ریلوے کی ساتویںپوزیشن تھی۔ جب میں نے چارج سنبھالا تومیںنے اپنی انتظامیہ اور کھلاڑیوںکو ہدایات کیں کہ اس دفعہ ہم نے وکٹری سٹینڈ پر آنے کی پوری کوشش کرنی ہے۔

(جاری ہے)

جس پر پچھلے تین ماہ سے میری ٹیم دن رات محنت کررہی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل گیمز میں 14 ٹیموں نے حصہ لیاجس میں ریلوے کی تیسری پوزیشن ہے۔ اس دفعہ ہم نے 12گولڈ میڈل ، 20سلور میڈل اور 73برانز میڈل جیتے ہیں۔کل 108میڈلز پاکستان ریلوے کی ٹیم نے حاصل کیے ہیں۔یہ سارا کچھ انتظامیہ اور کھلاڑیوں کی محنت سے ممکن ہوا۔اس کامیابی پر میں اپنی انتظامیہ اور ٹیم کا بے حد شکرگزار ہوں۔

اس کامیابی کوہم واپڈا اور آرمی کے مقابلے میں بہت کم بجٹ میں ممکن بنایا۔ ان نیشنل گیمز میں کشتی رانی ، ویٹ لفٹنگ ،کراٹے، تیک وانڈو، ٹیبل ٹینس، راسہ کشی، ہاکی،باڈی بلڈنگ، باکسنگ ، سائیکلنگ، خواتین کے لیے رگبی،جمناسٹک اور کُشتی کے مقابلے شامل تھے۔ پاکستان ریلوے کی ٹیم نے کشتی رانی میں سب سے زیادہ تمغے حاصل کیے ہیں۔ پاکستان ریلوے سپورٹس بورڈ کے وائس پریزیڈنٹ حمدان نذیر نے کہا کہ کھلاڑیوںکی حوصلہ افزائی اور انعامات کے لیے ہم جلد دوبارہ پریس کانفرنس کریںگے ۔مزید یہ کہ ہمارا اگلاقدم ریلوے سپورٹس بورڈ میں ریفامز کا ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں