وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ہیرٹیج فائونڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس

بورڈ کی تنظیم نو‘تاریخی ورثے کی بحالی کیلئے جامع پلان تیارکرنے کی ہدایت، محکمہ آرکیالوجی میں خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری تاریخی عمارتوں کی بحالی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں،ماضی کی حکومتوں نے اس اہم شعبے کو یکسر نظر انداز کیا‘سردار عثمان بزدار

جمعرات 21 نومبر 2019 18:35

لاہور۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب ہیرٹیج فائونڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقدہوا‘اجلاس میں صوبے کے تاریخی ورثے کی بحالی کیلئے اقدامات کاجائزہ لیاگیا‘وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ پنجاب میں تاریخی عمارتوں کی بحالی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں‘ماضی کی حکومتوں نے اس اہم شعبے کو یکسر نظر انداز کیا‘ہماری حکومت نے صوبے کے تاریخی ورثے کو بحال کرنے کے کام کا بیڑا اٹھایا ہے‘وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تاریخی ورثے کی بحالی کیلئے جامع پلان تیار کیا جائے اور اس ضمن میں جلد حتمی سفارشات پیش کی جائیں‘وزیراعلیٰ نے محکمہ آرکیالوجی میں منظور شدہ خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دیتے ہوئے کہاکہ منظور شدہ خالی آسامیو ںپر بھرتی کیلئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں-اجلاس میں پنجاب ہیرٹیج فائونڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کی تنظیم نو کا فیصلہ کیاگیا اوربورڈآف گورنرز میں نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے مزید ماہرین او رمخیر حضرات کو شامل کرنے کے فیصلے کی منظوری دی گئی-وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب ہیرٹیج فائونڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہر ماہ منعقد ہوگاجبکہ چیف سیکرٹری کی سربراہی میں قائم ایگزیکٹو کمیٹی کااجلاس ہر 15روز بعد ہوا کرے گا‘اجلاس میں سابق ادوار میں کئے جانے والے بعض اخراجات کی ادائیگی کیلئے قواعد وضوابط کو مد نظر رکھ کر ضروری اقدامات کی منظوری دی گئی‘وزیراعلیٰ نے کہاکہ محکمہ آرکیالوجی نے صوبے کے تاریخی ورثے کو بحال کرنے کے کام کیلئے موثر انداز میں فرائض سرانجام دینا ہیں‘تاریخی ورثے کی بحالی سے مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا-سیکرٹری آرکیالوجی و سیاحت نے تاریخی ورثے کی بحالی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی-صوبائی وزیر آرکیالوجی و سیاحت تیمور خان بھٹی،اراکین پنجاب اسمبلی سید افتخارحسن گیلانی، محترمہ فردوس راہنا، چیف سیکرٹری،سیکرٹری خزانہ ، سیکرٹری بلدیات، سابق پرنسپل نیشنل کالج آف آرٹس نازش عطا اللہ ، نجی شعبے کے ماہرین فوزیہ قریشی،اقبال قیصرخالد، ڈاکٹر سیف الرحمن ڈار، سیف اللہ خالد اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی -یاد رہے کہ پنجاب ہیرٹیج فائونڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کا ا جلاس 14سال بعد منعقد ہوا‘آج سے پہلے کسی وزیراعلیٰ نے پنجاب ہیرٹیج فائونڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس نہیں بلایا‘ عثمان بزدار پہلے وزیراعلیٰ ہیں جنہوںنے پنجاب ہیرٹیج فائونڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں