وزیراعلیٰ سے سپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات ،2گھنٹے طویل ملاقات میں سیاسی صورتحال اور فلاح عامہ کے اقدامات پر تبادلہ خیال

ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی بات چیت، ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق،صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے ملکر کام کررہے ہیں اورکرتے رہیں گے‘عثمان بزدار ، پرویز الہی

جمعرات 21 نومبر 2019 19:00

لاہور۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے ملاقات کی ‘ 2گھنٹے طویل ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔

وفاقی وزیر ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی کی کارروائی بطریق احسن چلانے پر سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب اورسپیکرپنجاب اسمبلی نے ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے ملکر کام کررہے ہیں اورکرتے رہیں گی-وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ورکنگ ریلیشن ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط تر ہوگی۔

(جاری ہے)

پنجاب کی ترقی کے سفر میں اتحادیوں کو ساتھ لیکرچلیںگے۔ملکر عوام کی خدمت کرتے رہیں گی- غلط فہمیاں پیدا کرنے کی سازشیں کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوںنے کہا کہ ایک دوسرے کے تجربے سے فائدہ اٹھا کر عوام کی خدمت اورفلاح وبہبود کا مشن پورا کریںگے۔ عوام کی فلاح و بہبود کے وہ کام کر رہے ہیں جو سابق حکمران برسوں میں نہ کر پائے۔ عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلانے کا دور گز رچکا ہے ۔

پاکستان تبدیلی کی راہ پر چل پڑا ہی- نیا بلدیاتی نظام عوامی خدمت کو نئی جہت دے گا- حکومت ایسا بلدیاتی نظام لا رہی ہے جس سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا- پنجاب حکومت نے مختصر عرصے میں ریکارڈ قانون سازی کی ہے اور پنجاب اسمبلی کا قانون سازی کے حوالے سے ریکارڈدیگر صوبوں کی اسمبلیوں کے مقابلے میں سب سے بہتر ہے اوراب تک فلاح عامہ کے تقریباً28بل اورایکٹ پنجاب اسمبلی پاس کرچکی ہے۔

سپیکرپنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے تھے ،کھڑے ہیں اورکھڑے رہیںگے۔کوئی غلط فہمی میں نہ رہے،تحریک انصاف کے اتحادی ہیں۔ ہمارا اتحادپہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔انہوںنے کہا کہ اتحاد میں رخنہ ڈالنے کی خواہش دلوں میں ہی رہ جائے گی۔سابق حکومت نے میرے دور کے فلاح عامہ کے منصوبوں کو بند کر کے پنجاب کے عوام کانقصان کیا ۔

ہر مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے میں ہی دانشمندی ہوتی ہے ۔انہوںنے کہا کہ اب صوبے میں ذاتی پسند و ناپسند نہیں بلکہ میرٹ اور گورننس کی حکمرانی ہے۔مل کرصوبے کے عوام کوریلیف فراہم کرنے کیلئے کام کریںگے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار صوبے کے عوام کی خدمت کررہے ہیں۔پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں