ہرمعاملے میں دوسروں کیساتھ حسن سلوک سے پیش آناچاہیے‘ڈاکٹرراغب نعیمی

نبی اکرمؐ نے اپنے اخلاق حسنہ کے وصف سے تڑپتی انسانیت کی غمخواری کی‘ ناظم اعلیٰ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ

جمعہ 22 نومبر 2019 16:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2019ء) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ وممبراسلامی نظریاتی کونسل علا مہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ ہمیں ہرمعاملے میں دوسروں کیساتھ حسن سلوک سے پیش آناچاہیے۔نبی اکرمؐ نے اپنے اخلاق حسنہ کے وصف سے تڑپتی انسانیت کی غمخواری کی۔بحیثیت مسلمان ہمیں ہمیشہ مثبت رویہ اختیار کرناچاہیے اورمنفی سرگرمیوں سے خود کو بچاکررکھناچاہیے۔

نبی آخر الزماںؐکا اسوئہ حسنہ اور آپ ؐ کی تعلیمات عالیہ صرف کسی ایک گروہ انسانی یا کسی مخصوص زمانے تک محدود نہیں۔ یہ قیامت تک کے بنی نوع انسان کے لیے وہ منشور حیات ہے جو ہر عہد اور ہر خطے کے انسان کی رہنمائی کرتا رہے گا۔فتح مکہ کی تاریخ کے اوراق کو الٹ کر دیکھئے کہ آ پ ؐ مکہ میں فاتحانہ انداز میں داخل ہوتے ہیں، صحابہ کرام کا10 ہزار کادستہ آپ کے ساتھ ہے لیکن آپ ؐ نے اعلان فرمایا کہ ’’جاؤ تم سب آزاد ہو، تم لوگوں سے کسی قسم کا بدلہ نہیں لیا جائیگا‘‘۔

(جاری ہے)

یہ تھاآپؐ کا اخلاق کریمانہ، یہ تھا آ پ کے اخلاق حسنہ کا اعلیٰ نمونہ، جس کی مثال سے دنیا قاصر ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزجمعة المبارک کے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ نبی کریم ؐکی عادات میں ایثار و قربانی کا وصف ہر لمحہ اور ہر موقع پر نظر آتا تھا۔نبی کریم ؐ کی نظر میں امیر و غریب اور آقا و غلام سب یکساں تھے۔نبی اکرمؐ سے محبت و عقیدت کا تقاضہ ہے کہ ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوا جائے۔ وہ رہتی دنیا کے انسانوں کی رہنمائی کے لئے مبعوث ہوئے اور ان کا ہر عمل تمام انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔ بطور مسلمان ہمیں ان تعلیمات کو اپنی زندگیوں پر نافذ کر کے ہم ایک اسلامی فلاحی معاشرہ کو قائم کر سکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں