روحی رئیس خان سوئی ناردرن گیس بورڈ آف ڈائریکٹرزکی چیئرپرسن منتخب

جمعہ 22 نومبر 2019 19:10

لاہور۔22 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2019ء) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ہیڈ آفس میں منعقد ہونے والے اجلاس میں متفقہ طور پر محترمہ روحی رئیس خان کو سوئی ناردرن گیس بورڈ آف ڈائریکٹرز کی چیئرپرسن منتخب کرلیا ۔ واضح رہے کہ سوئی ناردرن بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرپرسن کا عہدہ 13نومبر 2019ء کو سید دلاور عباس کے انتقال کے بعد سے خالی تھا۔

محترمہ روحی رئیس خان سوئی ناردرن بورڈ کی پہلی خاتون چیئرپرسن ہیں۔اس سے پہلے وہ پکک اور لاہور اسٹاک ایکسچینج کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکی بھی پہلی خاتون ڈائریکٹر رہنے کے علاوہ چند مالیاتی اداروں کی پہلی خاتون سربراہ رہ چکی ہیں۔انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے ) کراچی سے ایم بی اے اور پنجاب یونیورسٹی سے معاشیات اور ریاضی میں گریجویشن ڈگری کی حامل محترمہ روحی رئیس خان کو مختلف مالیاتی اداروں کے بورڈز میںڈائریکٹرشپ کے علاوہ بحیثیت چیف ایگزیکٹو ،چیف آپریٹنگ آفیسر ،مختلف سینیئر انتظامی عہدوں پر پندرہ برس سے زائد عرصے کا تجربہ ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ انہیں مالیاتی شعبے میں 35برس سے زائد کا تجربہ ہے جس کی وجہ سے مختلف صنعتی شعبوں کے ساتھ ان کا گہرا تعلق رہا ہے۔ محترمہ روحی رئیس خان لیزنگ، ہاؤسنگ اور بینکنگ کے شعبوں میں مختلف بورڈ زکی بھی نمائندگی کرچکی ہیں۔وہ گروپ ہیڈ، چیف ایگزیکٹو آفیسر اور چیف آپریٹنگ آفیسر کی حیثیت سے مختلف اداروں میں سینیئر انتظامی پوزیشنز پر بھی ذمہ داریاں اداکرچکی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں