کمشنر لاہور کی شیخوپورہ میں کھلی کچہری،صفدرآباد ٹی ایچ کیو ہسپتال کا بھی دورہ کیا

جمعہ 22 نومبر 2019 19:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2019ء) کمشنر لاہور ڈویژن آصف بلال لودھی نے ضلع شیخوپورہ میں کھلی کچہری کا انعقادکیا، کھلی کچہری میں اراکین اسمبلی، ڈی سی شیخوپورہ، ڈی پی او شیخوپورہ اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، کمشنر نے کہا کہ کھلی کچہری میں ہر شکایت کا ازالہ کرنے کیلئے خود فیڈبیک لوں گا، انہوں نے کہا کہ یہاں پوری انتظامیہ کو بلانے کا مقصد مسائل کافوری و حقیقی ازالہ ہے، اس حوالے سے کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے، کمشنر لاہور نے ڈگری کالج میں عملہ کی عدم حاضری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ کالج انتظامیہ اس پر باقاعدہ رپورٹ پیش کرے،ڈگری کالج میں 700 سے زائد طلباء زیرتعلیم ہیں، شہری کی فرد نہ دینے کی شکایت پر پٹواری کیخلاف انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن نے کہا کہ افسران اور عملہ شہریوں کوبہترین خدمات فراہم کرنے کیلئے تعینات کیا جاتا ہے،انہوں نے شہری کو فرد فوری جاری کرنے کی ہدایت بھی کی، علاقے کے پرائمری سکول کو دوسرے علاقے کے ہائی سکول میں منتقل کرنے پر کمشنر لاہور نے ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے حکم دیا کہ پرائمری سکول کو پرانی جگہ کی عمارت میں فوراً دوبارہ بحال کیا جائے اور پرائمری اساتذہ کی تعیناتی کو بھی یقینی بنایا جائے، کمشنر لاہور کی کھلی کچہری میں سیوریج، گندگی، گندے پانی اور سڑکوں کی خستہ حالت پر شکایات سامنے آئیں، کھلی کچہری میں 18 درخواستوں پر ضلعی انتظامیہ کو عملدرآمد کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا، کمشنر لاہور نے کہا کہ کھلی کچہریوں پر بے مقصد اور بے فائدہ کے تاثر کو ختم کروں گا، بعد ازاں کمشنر لاہور ڈویژن محمد آصف بلال لودھی نے ضلع شیخوپورہ کی تحصیل صفدرآباد کے ٹی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں