پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کی زیر صدارت50 منٹ تاخیر سے شروع ہوا،اسمبلی کے ایجنڈے پر محکمہ زراعت سے متعلق سوالوں کے جواب صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال کی جانب سے دیئے گئے

جمعہ 22 نومبر 2019 23:30

لاہور۔22 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2019ء) پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کی زیر صدارت50 منٹ تاخیر سے شروع ہوا،اسمبلی کے ایجنڈے پر محکمہ زراعت سے متعلق سوالوں کے جواب صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال کی جانب سے دیے گئے،پرائس کنٹرول پر بحث کے دوران پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی نے خطاب کرتے ہوئے کہا جن کو چور ڈاکو کہتے تھے، انہوں نے بجلی سستی فراہم کی،اس حکومت نے ایک یونٹ بھی پیدا نہیں کیا اور بجلی،گیس و پیٹرول کی قیمتیں بڑھادیں،اسد عمر کہتے تھے کہ پٹرول چالیس روپے لٹر ملنا چاہیے، لیکن آج پٹرول 115روپے کا مل رہا ہے، اس حکومت کے لوگوں نے 126دن مجرے اور بھنگڑے ڈالے، پھر انہی لوگوں نے اپنے حلقوں کی عوام سے ووٹ بھی لیے،حسن مرتضی کے ان الفاظ پر حکومتی خواتین سیخ پا ہو گئیں اور سپیکر ڈائس کا گھیرائو کرلیا،حکومتی خواتین نے حسن مرتضی سے معافی کا مطالبہ کردیا،وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا حسن مرتضی ایک سینئر سیاستدان ہیں لیکن انہوں نے شرمناک اور گھٹیا الفاظ کا استعمال کیا،انہوں نے معافی نہ مانگی تو حکومت اس کارروائی کا حصہ نہیں بنے گی اور احتجاجا ایوان سے واک آئوٹ کردے گی،بعدازاں ڈپٹی سپیکر کے کہنے پر حسن مرتضی نے معافی مانگ لی،اجلاس کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو پی ٹی آئی کی رکن عظمیٰ کاردارنے اونچی آواز میں حسن مرتضی کو بینگن کہہ دیا جس پرحسن مرتضی نے ایوان سے احتجاجا واک آئوٹ کردیا،بعدازاں صوبائی وزیر اعجاز عالم کے منانے پر حسن مرتضی ایوان میں دوبارہ واپس آگئے،صوبائی وزیر فیاض چوہان نے پرائس کنٹرول پر حکومتی موقف دینے کی بجائے کہا یہاں ایک جماعت کا لیڈر انگلیاں ہلاکر اور کمر مٹکا کر بھنگڑے ڈالتا ہے اور خود کو خادم اعلیٰ کہلواتا ہے ،یہی لوگ دس سالوں میں 96ارب ڈالر کا ملک کو مقروض کرگئے ہیں،جس پر اپوزیشن کے ارکان غصہ میں آگئے اور اپنی سیٹوں پر کھڑے ہو گئے،اسی دوران ن لیگ کے رکن جعفر علی ہوچہ اور فیاض چوہان کے درمیان گالیوں اور نازیبہ جملوں کا تبادلہ ہوا،ایوان میں مسلسل پندرہ منٹ ہنگامہ آرائی جاری رہی ،بعدازاں مسلم لیگ ن کی رکن عظمیٰ بخاری،خلیل طاہر سندھو اور پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی نے پرائس کنٹرول پر عام بحث میں حصہ لیا،اجلاس کا وقت ختم ہونے پر ڈپٹی سپیکر نے اجلاس پیر دوپہر تین بجے تک ملتوی کردیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں