خدمت انسانیت کا جذبہ رکھنے والے لوگ ہی ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں‘ذکر اللہ مجاہد

ملکوں اور معاشروں کی تشکیل میں رضاکار ایک بڑا اور خاموش کردار ادا کرتے ہیں‘امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعرات 5 دسمبر 2019 19:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2019ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ خدمت انسانیت کا جذبہ رکھنے والے لوگ ہی ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں، دنیا میں خدمت انسانی کے بڑے بڑے کام مشنری جذبہ رکھنے والے رضاکار لوگوں نے ہی سرانجام دیئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رضا کاروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وقتی مفاد یا مالی فائدے کے لیے کام کرنے والا فرد آفاقی سوچ کے حامل کردار کو پیدا نہیں کر سکتا۔ ملکوں اور معاشروں کی تشکیل میں رضاکار ایک بڑا اور خاموش کردار ادا کرتے ہیں اور یہی لوگ ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے اس موقع پر انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار الخدمت پاکستان کے رضاکاروں کو خراج عقیدت اور تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہر مشکل گھڑی کے موقع پر چاہے وہ زلزلہ ہو سیلاب ہو یا کوئی بھی ناگہانی آفت و حادثہ ہو الخدمت نے ہر موقع پر ہرائول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الخدمت کے رضاکاروں نے خدمت کی تاریخ میں ایک روشن باب رقم کیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی لاہورڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاونڈیشن اپنے اس خدمت انسانی کے عظیم کام کو اسی جذبے سے جاری و ساری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی قسمت کو وہی بدل سکتا ہے جو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر خدمت انسانی کے جذبے سے سرشار ہو۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں