تحریک انصاف کے دور حکومت میں لڑکیوں کو با اختیار بنایا جا رہا ہے‘اعجاز عالم آگسٹین

کوئی شک نہیں کہ پڑھی لکھی بااختیار لڑکیاں روشن پاکستان کی ضمانت ہیں‘صوبائی وزیر انسانی حقوق

جمعرات 5 دسمبر 2019 19:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2019ء) پاکستان گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن اور محکمہ انسانی حقوق کے باہمی اشتراک سے گرلز گائیڈ کے ہیڈ کوارٹر میں صنف پر مبنی تشدد کے خلاف 16 دن کی سرگرمی کے عنوان سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مختلف صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے بحیثیت مہمان خصوصی جبکہ بیگم گورنر پنجاب پروین کوثر ،ایم پی اے سعدیہ سہیل کے علاوہ دیگر ممبران پنجاب اسمبلی،فلاحی اداروں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کے ہمراہ مختلف کالجز کی طالبات نے خصوصی شرکت کی۔

خطبہ استقبالیہ میں گرلز گائیڈ کی رہنما مسز سلمیٰ نے کہا کہ پروگرام کا مقصد ان خواتین اور لڑکیوں کی حمایت کرنا ہے جو طاقت کے عدم توازن کے خلاف یکجہتی کی تحریک میں اکٹھا ہو رہی ہیں، جس میں جنسی طور پر ہراساں کرنے اور تشدد کی دیگر اقسام کی جڑیں بہت زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے ساتھ لڑکیوں کو لئے با اختیار بنانے کیلئے اسطرح کے پروگرامز نمایاں اہمیت کے حامل ہیں تاکہ لڑکیوں کو ایسا پلیٹ فار م مہیا کیا جا سکے جدھر وہ اپنے مطالبات مناسب طریقے سے پیش کر سکیں۔

تقریب میں لڑکیوں کی جانب سے ایک خصوصی خاکہ بھی پیش کیا گیا، جس میں دکھایا گیا کہ کیسے لڑکیوں کو مختلف سیکٹرز میں ہراساں کیا جاتا ہے۔لڑکیوں کی جانب سے ایک چارٹر آف ڈیمانڈ بھی پیش کیا گیا، جس میں بالخصوص لڑکیوں کی کم عمری میں شادی کی روک تھام،لڑکیوں کو ہراساں کرنا اور تعلیمی میدان میں مزید مواقع پیش کرنا شامل تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے کہا کہ پنجاب حکومت چاہے گی کی کہ پاکستان گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کے ساتھ ملکر ان کا دائرہ کار وسیع کیا جائے تاکہ دور دراز دیہاتوں وغیرہ میں بھی بچیوں میں اعتماد قائم کیا جا سکے ۔

انہوں نے کہاکہ یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد آج دنیا میں سب سے زیادہ وسیع، مستقل اور تباہ کن انسانی حقوق کی پامالیوں میں سے ایک ہے اور عام طور پر اس کی شکار ہونیوالی خواتین وغیرہ کی خاموشی، بدنامی کا ڈر اور شرمندگی کی وجہ سے بڑی حد تک رپورٹ نہیں ہو سکا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں لڑکیوں کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کررہی ہے ،جس کی مدد سے خواتین کو تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور معاشرتی مدد فراہم کرکے ان کے خلاف تشدد کو کم کیا جا رہا ہے تاہم یقین رکھیں کہ تحریک انصاف کی حکومت بچیوں کو زندگی کے مختلف شعبوں میں درپیش ہر مسائل کا حل ممکن کرے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں