وزیراعظم غلط بریفنگ کی بنیاد پر معاشی استحکام کے دعوے کرتے ہیں ،لیاقت بلوچ

غربت ، بے روزگاری ، افراط زر ، کرپشن پوری طاقت سے بڑھ رہی ہے،غریب کچلے جارہے ہیں، پندرہ ماہ میں پندرہ لاکھ افراد بے روزگار ہوئے،نائب امیرجماعت اسلامی

جمعرات 5 دسمبر 2019 23:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے منصورہ میں مرکزی مشاورتی اجلاس سے خطاب اور طلبہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم غلط بریفنگ کی بنیاد پر سیاسی ، معاشی استحکام کے دعوے کرتے ہیں وہ حالات سے بالکل بے خبر ہیں ۔ غربت ، بے روزگاری ، افراط زر ، کرپشن پوری طاقت سے بڑھ رہی ہے اور غریب عوام کچلے جارہے ہیں ۔

وزیراعظم کے خصوصی معاون نے بھانڈہ پھوڑ دیا ہے کہ حکومت اور ریاستی اداروں کے درمیان اختیارات اور طاقت کی لڑائی جاری ہے ۔ پیداواری لاگت ناقابل برداشت ہے ۔ پندرہ ماہ میں پندرہ لاکھ افراد روزگار سے محروم ہو گئے ہیں ۔ حکومت مالدار اور بگڑے ا شرافیہ کو پال پوس رہی ہے اور دردر کی ٹھوکریں غریب ، مزدور ،نوجوان اور کسانوں کے لیے ہیں ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ طلبہ کے جمہوری حقوق بحال کرنا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی آئینی ، جمہوری اور عدالتی فیصلہ کے تحت ذمہ داری ہے ۔

اسلامی نظریہ اور مادر پدر آزاد مغربی امریکی کلچر کے دلدادہ نظریہ کی کشمکش میں ہی طلبہ اور نوجوانوں کا اسلامی جذبہ ابھرے گا اور پاکستان اسلامی اور خوشحال ہوگا ۔ امریکی مغربی غلام کیمونزم کے پیچھے نہیں چھپ سکتے ۔ اشتراکیت ڈوب گئی اب مغربی سرمایہ دارانہ استحصالی نظام کے ڈوبنے کا وقت ہوگیا ہے ۔ ایک سوا ل کے جواب میں لیاقت بلوچ نے کہاکہ کاریں ، بھینسیں ، مرغیاں ، کٹے پہلے بک چکے اب حکومت ریاست کی جائیدادیں فروخت کر رہی ہے ۔ عملاً حکومت دیوالیہ ہونے جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ 22 دسمبر کو اسلام آباد میں تاریخ ساز آزادی مارچ ہوگا ، طلبہ اور نوجوانوں کی شرکت بھی تاریخی ہوگی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں