سالانہ عالمی انسداد بدعنوانی ڈے کے حوالے سے نیب لاہور کی مرکزی تقریب کا انعقاد

نیب ملک سے کرپشن و بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، شہزاد سلیم

جمعرات 5 دسمبر 2019 23:58

لاہور۔5 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2019ء) قومی احتساب بیورو (نیب)، لاہور کیجانب سے سالانہ عالمی انسداد بدعنوانی ڈے کے حوالے سے مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میںحریت رہنما مشعال ملک، ڈاکٹر حسن عسکری رضوی اور موٹیویشنل سپیکر سید قاسم علی شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ دیگرشرکاء میں مختلف طبقہ فکر کے عہدیداران جن میںمتعدد سرکاری آفیسران، یونیورسٹیوں کے اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم نے کہاکہ کشمیر ہماری شہ رگ تھا ، ہماری شہ رگ ہے اور ہمیشہ رہے گا، کشمیرکے حق میں آواز بلند کرنے اور اپنا حصہ ڈالنے کے لئے نیب آفیسران بھی کرد ار ادا کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی بے مثال قیادت میں نیب ملک سے کرپشن و بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف نیب کے اقدامات سال کے 365ایام جاری رہتے ہیں نا کہ سال کے آخر میں ایک تقریب کا انعقادکر کے نیب اپنی زمہ داری پوری کر لیتا ہے۔نیب کے افسران بدعنوان عناصر کو سزائیں دلوانے کیلئے دن رات کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں یہی وجہ ہے کہ بدعنوان عناصر کی نیندیں بھی حرام ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں نیب ملک و قوم کی ترقی و سربلندی کیلئے کام کر رہا ہے وہاں کرپٹ عناصر اپنے اثاثے بنانے اور اپنی زاتیات کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب سے کسی بے گناہ کو ڈرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ نیب کا خوف صرف اور صرف کرپٹ و بدعنوان عناصر پہ ہے ۔بین الاقوامی انسداد بدعنوانی ڈے کے موقع پر تقریب میں نیب لاہور کی گذشتہ تین سالہ کارکردگی بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر کرپشن کیسز میں نیب لاہور کی کارکردگی میں 500 گنا اضافہ ہوا ہے جبکہ ہائوسنگ سیکٹر کے مقدمات میں نیب لاہور کی کارکردگی ماضی کے مقابلے میں 700 گنا بہتر رہی۔

انہوں نے کہا کہ نیب لاہور کے قیام 1999 سے 2016 تک بیورو نے مجموعی طور پر 111 ارب روپے ریکور کئے جبکہ چیئرمین نیب کی قیادت میں نیب لاہور کی کارکردگی گذشتہ 3سالوں میں 116 ارب روپے رہی ہے جو تین سالوں کے دوران سالانہ اوسط 39 ارب سے زائدہے۔ اسی طرح ماضی کے 17سالوں کے دوران نیب لاہور نے کل 76 ارب مالیت پر مشتمل ریفرنس احتساب عدالتوں میں دائر کئے تاہم اسکے مقابلہ میں گذشتہ 3سالوں کے دوران ہم 55ارب مالیت کے ریفرنس دائر کر چکے ہیں اس طرح ریفرنسز کی مالیت میں 310گنا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

پلی بارگین کی مد میں نیب لاہور 17سالوں کے دوران 14 ارب روپے ملزمان سے وصول کرنے میں کامیاب رہا جبکہ 2017سے تاحال نیب لاہور نے پلی بارگین کی مد میں 265گنا اضافہ کیساتھ 9 ارب روپے وصول کئے۔نیب لاہور کی ان ڈائریکٹ ریکوری پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1999سے 2016تک نیب لاہور کی ان ڈائریکٹ ریکوری 22ارب رہی تاہم موجودہ چیئرمین نیب کی 3سالہ قیادت میںنیب لاہور کی ان ڈائریکٹ ریکوری 53ارب ہے جس میں 1200 سو گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ہائوسنگ سیکٹر کے کیسز میں انہوں نے کہا کہ 54 ہزار متاثرین کوان کی ڈوبی ہوئی رقوم اور پلاٹ واپس دلوائے گئے ہیں۔ نیب کی کارکردگی بیان کرتے ہونے ان کا مزیدکہنا تھا کہ نیب صرف گرفتاریاں نہیں کرتا بلکہ نیب ملزمان سے لوٹی گئی قومی دولت کی وصولیاں بھی کرتا ہے۔نیب لاہور کے آگاہی و تدارک ونگ کا حقیقی مقصد نئی نسل میں خوداحتسابی کی تمنا پیدا کرنا ہے تاکہ وہ اپنے گھروں میں بھی خود احتسابی کی فضاء قائم کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب لاہور پنجاب کے 21اضلاع میں موجود کل 1100سکولز، 224 کالجز اور 42یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات پر مشتمل 1823کردار سازتنظیمیں فعال کر چکا ہے جبکہ نیب لاہور کے Prosecution ونگ کیجانب سے ملزمان کو سزائیں دلوانے کا تناسب 70% رہا ہے جو کسی بھی دوسرے احتساب کے ادارے سے زیادہ ہے۔ انسدادبدعنوانی مہم کا ریگولیٹر ہوتے ہوئے نیب کے اقدامات جاری و ساری ہیں۔

تقریب سے خطاب میں مہمان خصوصی حریت رہنما مشعال ملک نے کہاکہ کرپشن کے خاتمے کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا ہمارا ضمیر ہمیں حلال اور حرام کی پہچان بتاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیانتداری سب سے بڑا میڈل ہے جبکہ کشمیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں چار ماہ سے کرفیو کا عالم ہے ، کشمیر کی ساری لیڈر شپ کو بند کیا ہوا ہے جبکہ کشمیری عوام کی نگاہیں پاکستان پر ہیں۔

بعد ازاں تقریب میں ڈاکٹر حسن عسکری رضوی اور سید قاسم علی شاہ نے بھی -’’کرپشن معاشرے میں ظلم کو جنم دیتی ہے‘‘ کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔تقریب کے دوران مہمان خصوصی محترمہ مشعال ملک اور ڈی جی نیب لاہور نے مختلف مقابلہ جات میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو کیش پرائز اور تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا جبکہ نیب لاہور میںرواں سال بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے افسران کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیئے گئے ۔ تقریب کے اختتام پر ’’ بدعنوانی کے معاشرتی زندگی پہ اثرات‘‘ کے موضوع پہ طلباء و طالبات کی جانب سے بنائی گئی مختلف پینٹنگز کو نمائش کا حصہ بھی بنایا گیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں