شریف خاندان کا ’’چور مچائے شور ‘‘ والا فارمولہ کامیاب نہیں ہوگا ‘ جمشید اقبال چیمہ

شریف ،زرداری خاندانوں کے کاروبار نے دن دوگنی رات چوگنی ترقی ،عوام تنزلی کی جانب گامزن رہے

جمعہ 6 دسمبر 2019 13:00

شریف خاندان کا ’’چور مچائے شور ‘‘ والا فارمولہ کامیاب نہیں ہوگا ‘ جمشید اقبال چیمہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ شریف خاندان کا ’’چور مچائے شور ‘‘ والا فارمولہ کامیاب نہیں ہوگا او رانہیں ملک و قوم کے لوٹے ہوئے اربوں روپے ہر حال میں واپس کرنا ہوں گے،پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے ادوار میں شریف اور زرداری خاندانوں کے ذاتی کاروبار نے دن دوگنی رات چوگنی ترقی کی جبکہ قومی ادارے اور عوام تنزلی کی جانب گامزن رہے ۔

حلقہ این اے 127کے مرکزی دفتر میں پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ شہباز شریف نے نئے پراپیگنڈے کیلئے مرکزی رہنمائوں کو لندن طلب کیا ہے جو وہاں سے ہدایات لے کر واپس آئیں گے ۔ شہباز شریف لندن میں اپنے شدید ترین بیمار بھائی کی تیمار داری کی بجائے سیاست کرنے میں مصروف ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کرپشن کے خلاف جدوجہد میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہے اور اسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔

ماضی میں دونوں جماعتیںمک مکا کے ذریعے ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ دیتی رہیںلیکن آج یہ حقیقی معنوں میں احتساب کے اداروں کی پکڑ میں ہیں ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ کرپشن پر قابو پانا اور لوٹی ہوئی دولت کی واپسی وزیر اعظم عمران خان کی سب سے بڑی کامیابی ہو گی اور اس کے بعد ملک خود بخو د خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا ۔ انہوں نے حلقے کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ سرکاری اداروں کے ذمہ داران سے رابطے کر لئے گئے ہیں اور جیسے جیسے وسائل میسر آئیں گے مسائل کو بتدریج حل کیا جائے گا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں