حکومت پنجاب کے تعاون سے انجینئرز کی ٹریننگ کا آغاز، مائیکرو چپ آرکیٹکچر سرٹیفکیشن کے حوالے سے ایوان اقبال میں تقریب

پاکستانی انجینئرز کو سیمی کنڈکٹر انڈسٹری میں بہترین روزگار کے مواقع ملیں گے، راجہ یاسر ہمایوں

جمعہ 6 دسمبر 2019 20:02

لاہور۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2019ء) پنجاب حکومت نے بین الاقوامی معیار کے مطابق انجینئرز کی تربیت کا آغاز کیا ہے۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کے تعاون سے یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کے انجینئرز لیمپرو میلن سرٹیفکیشن کا کورس کریں گے۔لیمپرو میلن سرٹیفکیشن کے امتحان میں کامیاب انجینئرز کو روزگار کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مائیکرو چپ آرکیٹکچر سرٹیفکیشن کے حوالے سے ایوان اقبال میں تقریب کا انعقاد ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ اور لیمپرو میلن کے اشتراک سے کیا گیا۔ تقریب میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ساجد ظفر ڈل، چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر فضل خالد سمیت مختلف جامعات کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ دنیا بھر میں سیمی کنڈکٹر انڈسٹری میں انجینئرز کی بڑھتی ہوئی طلب کی ضروریات پورا کرنے کیلئے حکومت پنجاب کا لیمپرومیلن کے ساتھ معاہدہ بہت اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں پاکستان کے 20ہزار انجینئرز انٹرنیشنل سیمی کنڈکٹر انڈسٹری میں ملازمتیں حاصل کرسکیں گے۔ ہمارے انجینئرز پانچ ہزار ڈالر تنخوا ہ کما سکیں گے جس سے ملک کی اکانومی میں کروڑوں ڈالر کا اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے پاس موقع ہے کہ پاکستان کو سیمی کنڈکٹر آرکیٹکچر ٹیکنالوجی میں آگے لے کر جائیں۔ بھارت میں تین دہائیوں پہلے آئی ٹی کے شعبہ پر حکومتی معاونت سے کام شروع کیا گیا اور آج بھارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مرکز بن گیا ہے۔ آئندہ چند سالوں میں پاکستان بھی مائیکرو چپ مینیو فیکچرنگ ٹیکنالوجی کا مرکز بن سکتا ہے۔

صرف چین اور جنوبی کوریا میں مائیکرو چپ آرکیٹکچرز کی پانچ لاکھ نوکریاں متوقع ہیں ہمیں کوشش کرکے زیادہ سے زیادہ نوکریاں حاصل کرنی ہے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ طلبائکی ٹریننگ کے لئے سرکاری جامعات سے معاہدہ کیا گیا ہے جبکہ نجی جامعات بھی اس حوالے سے ٹرینگ فراہم کر سکیں گی۔ Lampro Mellon Limited ٹیسٹ پاس کرنے والے انجینئرز کو سرٹیفکیٹس جاری کئے جائیں گے۔

سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے بعد طلبائفوری نوکری حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق نوجوانو ں کو باعزت روزگار مہیا کرنے کے لئے حکومت پنجاب کوشاں ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت صنعتوں اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دینے کیلئے کام کر رہی ہے۔ ملک میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ دیئے بغیر کوئی قوم خوشحال نہیں ہو سکتی جس کیلئے حکومت اعلیٰ تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم بلند کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسیوں کے مثبت نتائج بہت جلد آنا شروع ہو جائیں گے۔ تمام تعلیمی اداروں کے نصاب کو صنعتوں کی ضروریات کے مطابق ترتیب دیا جا رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں