لاہور پولیس نے شہید اے ایس آئی کے ورثا کو نیا مکان خرید کر دے دیا

سی سی پی او ذوالفقار حمید نے بیوہ کو بحریہ ٹائون لاہور میں خریدے گئے مکان کیلئے سوا کروڑ روپے کا چیک دیا

جمعہ 6 دسمبر 2019 23:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2019ء) لاہور پولیس نے سانحہ ارفع کریم ٹاور میں شہید ہونے والے اے ایس آئی فیاض احمد کے ورثا کو نیا مکان خرید کر دے دیا۔ محکمہ پولیس کے قواعد کے مطابق شہید اہلکار کی فیملی مقررہ مالیت کے مطابق نوتعمیر شدہ مکان پسند کرتی ہے جس کے بعد اسے حکومت کی طرف سے ادائیگی کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں سی سی پی او ذوالفقار حمید سے شہید اے ایس آئی کے ورثا نے ملاقات کی جس میں سی سی پی او نے بیوہ کو بحریہ ٹائون لاہور میں خریدے گئے نئے مکان کے لئے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے کا چیک دیا۔

انہوں نے شہید پولیس افسر کے اہل خانہ سے مسائل معلوم کئے اور اعلان کیا کہ شہید اے ایس آئی کی بیٹی کو اس کی تعلیمی اہلیت کے لحاظ سے پولیس میں ملازمت دی جائے گی۔ سی سی پی او ذوالفقار حمید نے کہا کہ تمام شہدائے پولیس کے ورثا ہمارے اپنے اہلخانہ جیسے ہیں۔ دوران سروس جاں بحق اور شہید ہونے والے پولیس ملازمین کے ورثا کی خدمت کے لئے الگ شعبہ قائم ہے۔ شہدا کے ورثا کسی بھی مسئلے کے لئے مجھے براہ راست مل بھی سکتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں