ماحولیاتی آلودگی جیسے چیلنج سے نمٹنے کیلئے تمام اسٹاف کمر کس لے‘صائمہ سعید

صوبہ بھر میںآلودگی کا باعث بننے والے عناصر کو کوئی رعایت نہیں دیجا سکتی‘سیکرٹری ماحولیات

جمعہ 6 دسمبر 2019 23:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2019ء) محکمہ تحفظ ماحولیات کا چارج لینے کے بعد سیکرٹری ماحولیات صائمہ سعید کی زیر صدارت اہم محکمانہ اجلاس منعقد کیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری ماحولیات کو دوران بریفنگ ڈی جی ماحولیات تنویر وڑائچ نے بتایا کہ صوبہ بھر میں ماحولیاتی آلودگی بالخصوص اسموگ جیسی صورتحال سے نمٹنے کے کیلئے ایک اسموگ ایکشن پلان کے تحت تمام متعلقہ اداروں کو ذمہ داریاں سونپی جا چکی ہیں اور ہر محکمہ اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہا ہے ۔

اس کے علاوہ لاہور ہائیکورٹ کیجانب سے ایک جوڈیشل کمیشن بھی فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حال ہی میں ایک مفصل سمری وفاق کو بھجوائی گئی تھی جو کہ منظور ہو گئی ہے کہ پرانی ٹیکنالوجی کے حامل بھٹوں کی بندش،زگ زیگ ٹیکنالوجی کے حامل بھٹوں کو اجازت اور مستقبل میں نئی ٹیکنالوجی کے حامل بھٹوں وغیرہ کو ہی اجازت دیجائے ، محکمہ تحفظ ماحولیات کی استعداد کار میں اضافے کے لئے ہوا اور پانی کی مانیٹرنگ کے لیے جدید آلات اور گرین بلڈنگز کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے جبکہ ماحول سے متعلق معلومات کی تشہیر اور عوامی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے باضابطہ مشاورتی نظام متعارف کروایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر میاں اعجاز نے بتایا کہ پلاسٹک کی مصنوعات کے صرف ایک بار استعمال اور پولی تھین بیگ کی روک تھام کے لیے ریگولیٹری ایکٹ ترتیب دیا جا چکا ہے جو آئندہ چند دنوں میں کابینہ کی قانون ساز کمیٹی میں منظوری کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔ڈائریکٹر نسیم الرحمان نے بتایا کہ سموگ سے تحفظ کے لیے سکربرز، فیس ماسک اور ائیر کلینرز سے ڈیوٹی اور دیگر محصولات کے خاتمے کے لیے فنانس دیپارٹمنٹ کے توسط سے وفاقی حکومت کو سمری ارسال کی جارہی ہے۔

حکومت پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پائیدار سبز سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے فنڈ کے قیام اور آلودگی کا سبب بننے والی صنعتوں میں کلین پروڈکشن ٹیکنالوجی کی تنصیب کے لیے مالی معاونت کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہے جبکہ اس مقصد کے لیے ورلڈ بنک کو اعتماد میں لیا جا چکا ہے۔سیکرٹری ماحولیات نے کہاکہ صوبہ بھر میں اسموگ جیسی خطرناک صورتحال بالخصوص لاہور میں سموگ کی موجودہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے ٹرانسپورٹ چلنے والی پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ، فصلوں کی باقیات کی تلفی کے لیے سلگائی جانے والی آگ اور فیکٹریوں اور بھٹوں سے اُٹھنے والے دھوئیں وغیرہ پر قابو پانے کیلئے مزید محنت درکار ہے اور اس ضمن میں محکمہ ماحولیات کو اپنی ذمہ داری بخوبی سر انجام دینا ہوگی۔

انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ مختلف علاقوں میں بھٹوں وغیرہ سے دھوئیں کے اخراج کی خبروں پر ایکشن کیلئے فی الفور تمام متعلقہ عملے کو الرٹ کیا جائے اور عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے کسی قسم کی کوتاہی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں محکمہ ماحولیات کے تمام متعلقہ افسران موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں