نیٹسول نے پریمئر سپر لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

اتوار 8 دسمبر 2019 14:40

لاہور۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2019ء) نیٹسول نے ڈیسکون کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر پریمئر سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ کارپوریٹ سیکٹر کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے پریمئر سپر لیگ تیسرے ایڈیشن کے فائنل میں ڈیسکون اور نیٹسول کی ٹیمیں ایل سی سی اے کرکٹ گرائونڈ میں مد مقابل آئیں۔ ڈیسکون نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 144رنز بنائے۔

مجاہد علی 51 جبکہ رانا طاہر 23 رنز بناکر نمایاں رہے۔ نیٹسول کی جانب سے فراز حسن نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ نیٹسول کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ فراز حسن نے 53 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور عدنان بٹ نے 39 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

ڈیسکون کی جانب سے رانا طاہر نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ فراز حسن کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

فائنل کے اختتام پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر چیف آرگنائزر فہیم مختار بٹ نے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر میں کھیلوں کی سرگرمیاں بہت ضروری ہیں تاکہ دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین صحتمند رہ سکیں، اگلا ٹورنامنٹ کارپوریٹ چیلنج کپ کے نام سے کرایا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں