لیگی قیادت کا اقتدار سے باہر ہونے کے بعد پاکستان میں دل نہیں لگتا ‘ (ن) لیگ اور پی پی پی والے کرپشن کی بیساکھیوں کے سہارے سیاست کر رہے تھے جو ٹوٹ چکی ہیں ، ہمایوں اختر خان

اتوار 8 دسمبر 2019 15:45

لاہور۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی قیادت کا اقتدار سے باہر ہونے کے بعد پاکستان میں دل ہی نہیں لگتا اور انہیں بڑی شدت سے بیرون ملک کرپشن سے بنائے گئے محلات کی یاد ستانے لگتی ہے ،کرپشن کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کے اپنے لوگ ان سے رابطے میں نہیں لیکن حیرت ہے کہ احسن اقبال یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ تحریک انصاف کے لوگ ان سے رابطہ کر رہے ہیں ،(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کرپشن کی بیساکھیوں کے سہارے سیاست کر رہے تھے جو ٹوٹ چکی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے حلقہ این اے 131سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر ضرور جشن منائے لیکن شرارت کرنے اور عوام کو گمراہ کرنے سے باز رہے کیونکہ اب عوام ان کے کسی بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ یہ منصوبہ مسلم لیگ (ن) کا ذاتی منصوبہ نہیں بلکہ پاکستان کا منصوبہ ہے اور اس کے لئے غیر ملکی قرض لیا گیا ہے جو قوم نے واپس ادا کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عدالتوں کا احترام کرتی ہے اور ہمیشہ اس کے فیصلوں کو تسلیم کیا ہے ۔ ہائیکورٹ نے ضمانت دیتے وقت مریم نواز کا پاسپورٹ اپنی تحویل میں لیا تھا اور اب اگر انہوں نے عدالت سے رجوع کیا ہے تو اس کا فیصلہ فاضل عدالت نے کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن ) کی قیادت کرپشن کی وجہ سے دور ہوتے ہوئے اپنے لوگوں کو ساتھ رکھنے کیلئے کوشاں ہے لیکن احسن اقبال کا یہ دعویٰ مضحکہ خیز ہے کہ تحریک انصاف کے لوگ ان سے رابطے میں ہیں حالانکہ انہیں معلوم ہے کہ ان کے اپنے لوگ اب ان سے رابطے میں نہیں رہے ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلط پالیسیوں کی و جہ سے پیدا ہوئے والے بیگاڑ کو سدھارنے کیلئے کئے گئے فیصلوں سے کچھ مشکلات آئی ہیں لیکن اس کے ساتھ گراں فروشوں نے مصنوعی مہنگائی سے عوام کیلئے حالات مسائل پیدا کئے جن کے خلاف کریک ڈائون شروع ہے اور اب قیمتیں اپنی حقیقی سطح پر واپس آرہی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں