ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر صوبہ بھر کے بس اڈوں پر فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ مہم مکمل

پنجاب بھر کے 657 بس سٹینڈزکی چیکنگ،ناقص انتظامات پر 2 فوڈ پوائنٹس سیل،80کو بھاری جرمانے لیٹر زائد المیعاد کاربونیٹڈ ڈرنکس، 150 کلواستعمال شدہ آئل، 80کلو ناقص کیچپ اورممنوعہ گٹکا برآمد

منگل 10 دسمبر 2019 00:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2019ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کی ہدایت پرفوڈ سیفٹی ٹیموں نے صوبہ بھر کے بس اڈوں پر فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ مہم مکمل کر لی ہے۔جعلی ،زائدالمیعاد اور ناقص اشیاء کی فروخت پر 2فوڈ پوائنٹس کو سیل جبکہ متعدد کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر صوبہ بھر کے بس اڈوں پر فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ مہم مکمل کر لی گئی ہے۔

لاہورڈویژن میں 244، راولپنڈی 240،ملتان108اور مظفر گڑھ زون میں 65بس سٹاپس کو چیک کیا گیا۔مجموعی طور پرپنجاب بھر کے 657 بس سٹینڈزکی چیکنگ کے دوران ناقص انتظامات پر 2 فوڈ پوائنٹس سیل جبکہ 80کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔اسی طرح مزید بہتری کیلئے 566 فوڈ پوائنٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری اور 4کے فوڈ لائسنس بنائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کارروائیوں کے دوران376 لیٹر زائد المیعاد کاربونیٹڈ ڈرنکس، 150 کلو استعمال شدہ آئل، 80کلو ناقص کیچپ اوربھاری مقدار میں ممنوعہ گٹکا برآمدکیا گیا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ استعمال شدہ آئل، گندے فریزراورزائدالمیعاد اشیاء کی موجودگی پر فوڈ پوائنٹس کو سیل کیا گیا۔سیل کیے گئے پوائنٹس پرایکسپائر بوتلیں،ممنوعہ گٹکااور حشرات زدہ مٹھائیاں فروخت کی جار ہی تھیں۔عرفان میمن کا مزید کہنا تھا کہ روزانہ ہزاروں مسافر بس سٹاپس پر موجود فوڈ پوائنٹس سے اشیائے خورونوش خریدتے ہیں۔پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بس اڈوں پر فوڈ پوائنٹس کی مسلسل نگرانی کے لیے سرپرائز چیکنگ کی تعداد کو بڑھا دیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ موٹر وے اور لاری اڈوں کی چیکنگ مہم کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جی ٹی روڈ اورموٹر وے سروس ایریا زپر موجود فوڈ پوئنٹس کی مسلسل چیکنگ کی جا رہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں